Page 1 of 1

کیا کہا پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک !

Posted: Wed May 23, 2012 9:54 am
by علی خان
کیا کہا پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک !

ابے کیا گھاس کھا گیا ہے !

اب تک تو ڈھائی سو ڈالر فی ٹرک کی ٹپ پر کورنش بجا لاتا تھا ! ضرور تجھے کسی نے پٹی پڑھائی ہے۔۔۔اپنا قد دیکھ اور فرمائش دیکھ !

ہاں ٹھیک ہے حسنی مبارک نے جنگِ خلیج میں ہمیں عراق کے خلاف راہداری دینے کے بدلے قرضے معاف کرا لیے تھےمگر وہ اور بھی تو بہت سے کام کرتا تھا ہمارے۔۔۔۔۔تو کرے گا وہ والے کام ؟

دیکھ بار بار چھچوروں کی طرح شام کا حوالہ نا دے۔ بشار الاسد کے ابا نے آڑے وقت میں عراق کی سرحد بند کرکے ہماری مدد کی تھی تبھی تو ہم نے اسے دھشت گردوں کی فہرست سے نکالا اور اس کے بیٹے نے سی آئی اے کی امانت القاعدہ قیدیوں سے مار مار کر اعتراف کروا لیا ۔مگر تو نے ایسی کیا توپ چلا دی کہ پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک مانگ رہا ہے۔

میں کب کہہ رہا ہوں کہ تو نے رمزی یوسف اور ایمل کانسی کا پتہ نہیں بتایا ۔ابو زبیدہ ، خالد شیخ محمد ، ابولفراج البی ، ملا ضعیف ۔۔۔۔بکواس نا کر ۔۔۔۔ان میں سے کونسا دانہ تو نے بغیر پیمنٹ کے ہمارے حوالے کیا ؟ تجھے تو ریمنڈ ڈیوس کی بھی پیمنٹ کردی تھی بیٹے۔۔۔۔زیادہ غصہ نا دلا ورنہ ڈاکٹر قدیر اور دو مئی کا ایبٹ آباد مجھے بھی یاد ہے ۔۔۔۔سالا مانگتا ہے پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک۔۔۔۔

معافی ؟ ہا ہا ہا ! تو تو بالکل ہی پگلا گیا ہے۔۔۔میں نے تو آج تک اپنے باپ سے معافی نہیں مانگی ۔ تو کس کھیت کی مولی ہے۔۔۔جاپان سے مانگی تھی ؟ ویتنام سے مانگی تھی ؟ عراقیوں سے مانگی ؟ کیوبا سے مانگی ؟ پانامہ سے مانگی ؟؟ چلی سے مانگی ؟ گریناڈا سے مانگی کیا ؟ ایران سے مانگی اس کا مسافر بردار طیارہ مار گرانے پر ؟ نہیں نا۔۔۔

اب تو طعنہ دے گا کہ افغانستان سے تین دفعہ مانگی ! ہاں مانگی ۔۔وہاں تو کرزئی ہے۔۔۔وقت پڑے گا تو گدھے سے بھی مانگ لوں گا۔ تجھ سے پھر بھی نہیں مانگوں گا۔۔۔۔
معافی کیوں مانگوں۔۔۔

معافی ؟؟؟؟ ہا ہا ہا !!!! تو تو بالکل ہی پگلا گیا ہے۔۔۔۔میں نے تو آج تک اپنے باپ سے معافی نہیں مانگی ۔ تو کس کھیت کی مولی ہے۔۔۔جاپان سے مانگی تھی ؟ ویتنام سے مانگی تھی ؟ عراقیوں سے مانگی ؟؟ کیوبا سے مانگی ؟؟ پانامہ سے مانگی ؟؟؟ چلی سے مانگی ؟؟ گریناڈا سے مانگی کیا ؟ ایران سے مانگی اس کا مسافر بردار طیارہ مار گرانے پر ؟؟ نہیں نا ۔۔۔۔۔۔اب تو طعنہ دے گا کہ افغانستان سے تین دفعہ مانگی !!! ہاں مانگی ۔۔وہاں تو کرزئی ہے۔۔۔۔وقت پڑے گا تو گدھے سے بھی مانگ لوں گا۔ تجھ سے پھر بھی نہیں مانگوں گا۔۔۔۔

ابے احسان فراموش ۔۔۔اکہتر میں تجھے کس نے نقشے سے مٹنے سے بچایا تھا ؟ بھول گیا ؟ تیرے ایٹمی پروگرام سے جان بوجھ کر آنکھیں کس نے بند کی تھیں ؟ بھول گیا ؟ تجھے گندم ، اسلحہ اور قرضے کون دیتا اور دلواتا رہا ہے ؟ بھول گیا ؟ تجھے کارگل کی دلدل سے کس نے نکالا ؟ گھر میں نہیں دانے، اماں چلی بھنانے ؟

اوئے ۔۔۔۔ ڈھائی سو ڈالر فی ٹرک پر کورنش بجانے والے !! تو نے کبھی پانچ ہزار ڈالر اکھٹے دیکھے بھی ہیں ؟ لے چل پکڑ دو ہزار ڈالر فی ٹرک ؟ ابے لے نا !!!! اچھا چل یہ لے ڈھائی ہزار ڈالر فی ٹرک۔یوں سمجھ لے کہ یہ پانچ سو ڈالر فالتو میں معافی تلافی کی مد میں دے رہا ہوں۔۔۔اب زیادہ مت پھیل۔۔۔اچھا کام کرے گا تو اور خرچی بھی ملے گی۔۔۔ہاں ہاں پچیس فوجیوں کے پیسے بھی مل جائیں گے۔۔۔۔

اب کیوں منہ بسورے کھڑا ہے ؟ اوئے جواب کیوں نہیں دیتا مایوسی کی لوکل ٹرین !

کیا کہا ؟ ڈھائی ہزار ڈالر میں ٹرک وارا نہیں کھاتا ۔۔لا یہ پیسے واپس کر۔۔اب تجھے ٹھینگا دوں گا۔۔بلکہ ٹھینگا بھی نہیں ملے گا۔۔

ہا ہا ہا ۔۔۔۔مجھے پتہ تھا تو کبھی بھی واپس نہیں کرے گا۔۔۔ڈھائی ہزار ڈالر بھی نہیں۔۔۔مفت میں سانپ مل جائے تو وہ بھی نہیں۔۔۔مجھے پتہ تھا۔۔۔تو مجھے ایویں ہی تنگ کررہا ہے۔۔۔ہا ہا ہا۔۔۔تو بہت شرارتی ہوگیا ہے ۔۔۔ہا ہا ہا ہا۔۔۔اب سارے پیسے خود ہی نا رکھ لیجو۔۔کچھ انہیں بھی دے دیجو ۔۔۔ہا ہا ہا ہا۔۔۔

وسعت اللہ خان

بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

Re: کیا کہا پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک !

Posted: Wed May 23, 2012 11:30 am
by میاں محمد اشفاق
کیا خوب اوقات یاد دلائی لکھنے والے نے

Re: کیا کہا پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک !

Posted: Wed May 23, 2012 11:46 am
by چاند بابو
ہمیں شرم آنی چاہئے.
اب بی بی سی بھی ہمیں ہماری اوقات دکھارہا ہے.

Re: کیا کہا پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک !

Posted: Wed May 23, 2012 3:44 pm
by اضواء
بہت ہی خوب ...

شئیرنگ پر آپ کا شکریہ ........

Re: کیا کہا پانچ ہزار ڈالر فی ٹرک !

Posted: Sat May 26, 2012 10:40 pm
by بلال احمد
جیسا کہا سچ ہی کہا be;at;in;g; be;at;in;g;