Page 1 of 1

نمک سے چلنے والا شمسی بجلی گھر

Posted: Sat Jul 23, 2016 1:12 pm
by محمد شعیب
امریکی ریاست نیواڈا میں نمک سے چلنے والا شمسی بجلی گھر
Image

کیلیفورنیا: امریکی کمپنی نے ایسا شمسی بجلی گھر تعمیر کیا ہے جو نمک استعمال کرتے ہوئے رات کے وقت میں بھی بجلی بناسکتا ہے.
امریکا کے صحرائے نیواڈا کے وسط میں ’’سولر ریزرو‘‘ نامی کمپنی نے ایسا بجلی گھر لگایا ہے جو 10 ہزار بڑے آئینوں پر مشتمل ہے اور انہیں ایک دائرے کی شکل میں نصب کیا گیا ہے۔ ان کے مرکز میں 195 میٹر بلند ٹاور ہے۔ آئینوں سے منعکس ہونے والی دھوپ اس ٹاور پر مرتکز ہوتی ہے جہاں ایک دیوقامت ٹینک میں سوڈیم اور پوٹاشیم نائٹریٹ نمکیات کا آمیزہ رکھا جاتا ہے۔ مرتکز روشنی کی شدید گرمی ان نمکیات کو گرم کرکے پگھلا دیتی ہے اور ان کا درجہ حرارت 565 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچاسکتی ہے۔

Image

پگھلے ہوئے گرم نمکیات کا آمیزہ پائپوں کے راستے نیچے پہنچایا جاتا ہے اور خاص طرح کی حاجز (انسولیٹنگ) ٹنکیوں میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ یہاں یہ نمک 10 سے 12 گھنٹوں تک اسی حالت اور اسی درجہ حرارت پر محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر نمک کی گرمی سے پانی گرم کرکے زبردست دباؤ والی بھاپ بنائی جاتی ہے اور اس بھاپ سے ٹربائن گھما کر بجلی پیدا کی جاتی ہے۔
سولر ریزرو کے سربراہ کیون اسمتھ کا کہنا ہے کہ اس شمسی بجلی گھر سے اتنی بجلی بنائی جاسکتی ہے جو بیک وقت 75,000 گھروں کے لیے کافی ہوگی۔ نمک گرم کرکے بجلی بنانے کا خیال کوئی نیا نہیں البتہ اس شمسی بجلی گھر میں پہلی بار نمک کو براہِ راست گرم کرنے کی تکنیک استعمال کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دھوپ سے بجلی بنانے کے 2 طریقے زیادہ مشہور ہیں جن میں سے ایک ’’فوٹو وولٹائکس‘‘ کہلاتا ہے اور اس میں شمسی سیل/ سولر پینل استعمال کیے جاتے ہیں جب کہ دوسرے طریقے ’’سولر تھرمل‘‘ کے تحت مرتکز دھوپ سے کوئی مادہ (تیل، پانی یا نمک وغیرہ) گرم کیے جاتے ہیں اور اسی گرمی کو بجلی پیدا کرنے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ سولر ریزرو کی ٹیکنالوجی بھی اسی ’’شمسی حرارتی‘‘ (سولر تھرمل) کے زمرے میں آتی ہے۔

Re: نمک سے چلنے والا شمسی بجلی گھر

Posted: Mon Jul 25, 2016 12:24 pm
by چاند بابو
یار یہ رات میں کیسے بجلی پیدا کر سکتا ہے؟؟

Re: نمک سے چلنے والا شمسی بجلی گھر

Posted: Tue Jul 26, 2016 7:19 pm
by محمد شعیب
چاند بابو wrote:یار یہ رات میں کیسے بجلی پیدا کر سکتا ہے؟؟
پگھلے ہوئے گرم نمکیات کا آمیزہ پائپوں کے راستے نیچے پہنچایا جاتا ہے اور خاص طرح کی حاجز (انسولیٹنگ) ٹنکیوں میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ یہاں یہ نمک 10 سے 12 گھنٹوں تک اسی حالت اور اسی درجہ حرارت پر محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر نمک کی گرمی سے پانی گرم کرکے زبردست دباؤ والی بھاپ بنائی جاتی ہے اور اس بھاپ سے ٹربائن گھما کر بجلی پیدا کی جاتی ہے۔

Re: نمک سے چلنے والا شمسی بجلی گھر

Posted: Wed Jul 27, 2016 5:24 pm
by چاند بابو
اوہ اچھا معذرت خواہ ہوں کہ بغور پڑھنے کے باوجود یہ نقطہ پکڑ میں آنے سے رہ گیا.

Re: نمک سے چلنے والا شمسی بجلی گھر

Posted: Sat Jul 30, 2016 3:40 pm
by عمرفاروق
چلو نمک کا بجلی گھر تو دیکھ لیا ہے
نیٹ‌پر آلو سے بجلی بھی پید اکی جارہی ہے .. معلوم نہیں‌کیا چکر ہے
یوٹیوب میں‌دیکھ سکتے ہیں