زہر

اردوادب کے ممتاز لکھاری محترم خاور چوہدری کی نوکِ قلم سے نکلنے والے شہکار افسانے
Locked
User avatar
چاند بابو
منتظم اعلٰی
منتظم اعلٰی
Posts: 22224
Joined: Mon Feb 25, 2008 3:46 pm
جنس:: مرد
Location: بوریوالا
Contact:

زہر

Post by چاند بابو »

[center]زہر[/center]

بہت سال بعدجب میرا اس سے سامنے ہواتو ایک لمحہ کے لیے میں اسے پہچان ہی نہ پایا، سراپاوہی تھا۔ ۔ ۔ مگرجس رُوپ سے وہ ظاہر ہوا تھا، گزشتہ سالوں میں اس کی یہ حالت کب دیکھ سکا تھا؟ اور دیکھتابھی کیسے ۔ ۔ ۔ پانچ ہزار روپے ماہ وارکمانے والاشخص بھلا تین ہزارکاسوٹ اور پچیس سوکے بوٹ کیسے برداشت کر سکتا ہے ۔25ہزارکاموبائل فون اور نئی آلٹو سے اُسے کیوں کر مطابقت ہو سکتی ہے ؟
لگ بھگ سات سال پہلے جب پہلی مرتبہ وہ میرے پاس آیا تھاتو حلیہ سے کسی چورا ہے کا مزدور لگتا تھا، مگراب۔ ۔ ۔ اب تو وہ ٹھیک ٹھاک ’’مزے ‘‘ میں تھا۔میری حیرتوں کو توڑتے ہوئے اس نے کہا
’’اَجی کیادیکھ رہے ہیں ، میں ہوں اسحاق، میرامطلب ہے خاکا‘‘
اور پھربازوپھیلا کر میری طرف بڑھ گیا۔ میں نے اسے سر سے پاؤں تک دیکھا، ابھی میں اس سے سوال کر نے ہی والا تھاکہ، اس کے موبائل سے چڑیوں کی چہچہاہٹ سنائی دی۔نہ جانے دوسری طرف کون تھا، البتہ یہاں سے کہاگیا
’’نہیں ، نہیں اس مرتبہ میرے تمام آدمی جائیں گے ، کسی ایک کو بھی ڈراپ نہیں کیا جا سکتا، یہ آپ کا مسئلہ ہے ، میرا اعتبارخراب نہ کر یں ۔‘‘
اور پھرموبائل بند کر دیاگیا۔
’’یہ حال ہے ان لوگوں کا، کام نہ دو تو تب منتیں کر تے ہیں اور جب دے دو تو ان کے نخرے بڑھ جاتے ہیں ۔بھلایہ بھی کوئی بات ہے ، 25 افرادکی رقوم تین ماہ سے اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں اور اب کہہ رہا ہے کہ دس آدمیوں کو اگلی بار روانہ کر دیں گے ۔‘‘
مجھے میرے سوال کاجواب مل گیا تھا۔لیکن ایک نئے سوال نے دماغ میں سرسراہٹ کی کہ، خاکے جیساشخص اتنا بڑاکام کیوں کر کر سکتا ہے ؟وہ تو جب میرے پاس بیٹھتا تھا ، گھنٹوں اس کامنہ نہیں کھلتا تھا۔ ۔ ۔ اور جوکبھی زبان چلتی بھی تھی تو جی، ہونہہ، بہتر سے بات آگے نہ بڑھتی۔ یقینا اتنی بڑی تبدیلی میرے لیے تعجب خیز تھی۔ میں اسی کش مکش میں تھاکہ اس سے پوچھوں ۔ ۔ ۔ مگراسی دوران اس کے موبائل میں پھرچہچہاہٹ پیدا ہوئی، موبائل آن ہوا
’’ہاں عمران! زرنگار کارپوریشن والوں کو دس آدمیوں کی فہرست دے دو، افضل ریکر وٹنگ ایجنسی والے کیاکہتے ہیں ؟، چلوٹھیک ہے ، ایک گھنٹہ بعدمجھے بتاؤ۔‘‘
ٹیلی فون کو ایک طرف رکھتے ہوئے اسحاق نے بتایاکہ وہ گزشتہ چارسال سے بندے باہربھجوا رہا ہے ، مختلف اداروں کے ساتھ اس کی کمٹ منٹ ہے ، کر اچی ، لاہور اور پش اور میں اس نے اپنے دفاترکھول رکھے ہیں ۔ جہاں لوگوں کو بھرتی کیا جاتا ہے ۔ میں نے پوچھاکہ تم اس طرف آئے کیسے ؟ وہ مسکر ایا اور پھر بولناشروع کیا
’’جن دنوں میں آپ کے یہاں آیا کر تا تھا، تب میں گھرکاخرچ چلانے سے قاصرتھا۔اس دوران ایک عزیز نے بتایاکہ سعودی عرب کے لیے بھرتی آئی ہے ، اگرتم چا ہوتو تمھاری بات کر وں ؟ میں اپنے حالات سے تنگ تھا، مجھے سہاراچاہیے تھا اس لیے فوراً تیار ہو گیا۔رشتہ داروں سے اُدھارپکڑا، بیوی کے زیورفروخت کیے اور ایک لاکھ روپے جمع کر کے ایجنٹ کے حوالے کر دیے ۔پانچ ماہ گزرگئے لیکن میں باہرنہ جا سکا، ایجنٹ غائب ہو گیا۔جس نے جہاں کا بتایا، میں وہاں اسے ڈھونڈنے نکل گیا۔ ۔ ۔ اور آخراس تک پہنچ ہی گیا۔ملنے پر اس نے کہاکہ ’’میرے ساتھ فراڈہو گیا تھا، اس لیے غائب ہو گیا۔اب ایک صورت ہے ، ملائشیا کے لیے بندے بھجوا رہا ہوں ، بندے لاؤ اور اپنی رقم وصول کر لو ، کام پکا ہے ۔‘‘اس طرح میں نے کام شروع کر دیا۔ خود تو مزدوری کے لیے باہرنہیں جا سکا۔ ۔ ۔ مگر لوگوں کو بھجوانے کاراستہ مل گیا ہے ، صاف ستھراکام کر تا ہوں ، کام ہوجانے پرمعاوضہ لیتا ہوں ۔‘‘
میں نے پوچھا اتناسب اسی کام سے کمایا ہے تو کہنے لگا
’’اللہ دے بندہ لے ۔‘‘
سنا ہے اور مشاہدہ بھی ہے ایجنٹوں کے ہاتھوں کئی گھر اُجڑے ہیں ، لوگوں کی زندگیاں اجیرن ہوئی ہیں اور کئی ایجنٹوں کو رو پوش ہوتے دیکھا ہے ، کہیں تم کسی گرداب میں نہ پھنس جاؤ۔ میں نے کہا تو اس نے بلند آواز میں قہقہہ لگایا اور گویا ہوا
’’ہاں ۔ ۔ ۔ !ہوتا ہے اس طرح، میرے ساتھ بھی ہوا تھا، میری زندگی بھی اجیرن ہو گئی تھی ، قرض خوا ہوں کے ہاتھوں عزت تک غیرمحفوظ ہو گئی تھی، لیکن میں نے سمجھ داری سے کام لیا اور آج آپ کے سامنے ہوں ۔‘‘
اگرتمھیں چانس نہ ملتاتو تمھاراکیاحال ہوتا؟
’’شاید میں بھی اور وں کی طرح پریشان ہوتا‘‘
اس نے کہا۔ ۔ ۔ اور پھرکہنے لگا
’’چھوڑیے صاحب!یہ دنیا ہے یہاں اسی طرح چلتا ہے ، آپ سنائیں ؟‘‘
تمھارے سامنے ہوں ، میں نے کہا۔ایک نظراس نے میرے دفترکی چھت پر ڈا لی، پھرسیاہ شیشوں سے باہرکی طرف دیکھا، دفتر میں پڑی ہوئی چیزوں پراچٹتی نگاہ دوڑائی اور کہنے لگا
’’کافی خستہ حالت ہے ۔آپ کو دفتر بدلنا چاہیے یا کم از کم ڈیکوریٹ کرناچاہیے اور نیا فرنیچر بھی ڈلوانا چاہیے ۔‘‘
ہے تو !۔ ۔ ۔ مگر گزرہورہی ہے ۔ ۔ ۔ میں نے کہا۔
’’آپ چاہیں تو میں اس دفتر کو بنوا دیتا ہوں ، ہمارے ساتھ کام کیجیے ، دن پھرجائیں گے ۔‘‘
جب خاکایہ کہہ رہا تھاتو میرے ذہن میں ایک واقعہ نے انگڑائی لی جو اسی زمین پرپیش آیا اور مجھے ایک مہربان نے سنایا تھا۔پھرخودبہ خودمیری زبان سے اس واقعہ کابیان شروع ہو گیا۔
’’کوئی دولت مندشخص کسی بزرگ کاعقیدت مندتھا، وہ مہینہ میں ایک آدھ مرتبہ ان کے ہاں حاضری دیتا۔ایک بارجب وہ اپنے مرشدکے پاس بیٹھا تھاتو اس نے کہا:
’’ حضرت ہمارے یہاں طلائی دھاگے کاکھسہ(جوتا)بنتا ہے اگرآپ کہیں تو لے آؤں ‘‘
بزرگ نے کہا لے آؤ ۔ ۔ ۔ مگرجب پاپوش اعلیٰ ہوتو پوشاک بھی بڑھیا ہونی چاہیے ۔مریدنے کہا وہ بھی پیش کر دوں گا۔تو پھربزرگ نے کہاجب پیزار اور ملبوس اچھے ہوں ، تو پگڑی بھی ہونی چاہیے ۔مریدنے کہاوہ بھی حاضر کر دوں گا، بزرگ نے کہاجب انسان اس قدراچھے حلیے میں ہوتو اس کے پاس گھوڑ ابھی ہونا چاہیے ۔مریدنے کہاوہ بھی حاضر کر دوں گا، بزرگ
ایک قدم اور آگے بڑھے اور کہاجب یہ سب ہوتو گھوڑے کی نگاہ داشت کے لیے ملازم بھی ہوناچاہے ۔
مرید نے کہا یہ بھی ہوجائے گا۔ ۔ ۔ تو بزرگ نے کہاگھوڑے اور ملازم کی موجودگی میں مناسب رہائش بھی ہونی چاہیے ۔مریدنے کہا حضرت اس کابھی انتظام ہوجائے گا۔مرحلہ بہ مرحلہ جب بزرگ بڑھتے جاتے تو مریدبھی حکم کی تعمیل میں آگے نکلتا جاتا۔مآلِکار بزرگ نے کہا جب تم میرے لیے اتنے ترددات میں پڑوگے تو کیا یہ بہترنہیں ہے کہ تم کھسہ ہی نہ لاؤ۔مریدعقیدت مندہونے کے ساتھ ساتھ دانا بھی تھا۔ اپنے کہے ہوئے پرشرم سارہوا اور معذرت کر کے رخصت ہو گیا۔‘‘
میں خاموش ہواتو اسحاق کہنے لگا
’’میراخیال تھاکہ آپ کے نظریات بدل گئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ مگرآپ ہنوزاسی چکر میں گھرے ہوئے ہیں ۔آپ دولت سے کیوں نفرت کر تے ہیں ، آپ زندگی کی آسائشوں سے اپنا حصہ کیوں نہیں وصولتے ؟‘‘
میں نے جواب دیامجھے دولت سے نہ اس وقت نفرت تھی نہ اب ہے ۔ ۔ ۔ مگراس دولت سے جو حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کانصیب تھی، ہاں میں نفرت کر تا ہوں قارون کی دولت سے اور میں پناہ مانگتا ہوں ایسی آسائشوں سے جو میرے لیے وبال بن جائیں ۔ دوسروں کے گھروں کو ا جاڑ دیں ، ان کاسانس لینامحال کر دیں ۔ لمحہ بھرکے لیے میں نے سکوت اختیار کیا تو اسحاق کہنے لگا
’’آپ کفرانِ نعمت کر تے ہیں ، دولت اور آسائشیں اللہ کی نعمت ہیں ۔‘‘
یقینا!لیکن اس صورت میں جب وہ حلال ہوں ، پانی بھی اللہ کی نعمت ہے ، سمندروں کے سمندر اور دریاؤں کے دریابھرے ہوئے ہیں ، ان کی زیادتی ناگوار نہیں ہے ۔ ۔ ۔ مگرجب
یہی پانی کشتی کے اندر داخل ہوجائے تو زحمت بن جاتا ہے اور بعض اوقات انسان کی زندگی لے کر رہتا ہے ۔میں اس دولت اور اس آسائش سے پناہ مانگتا ہوں جوکشتی کے اندرآ جانے والے پانی کی مثال ہیں ۔ اور جب آدمی اپنی خواہشات کے پیچھے بھاگتا ہے تو اسے معلوم نہیں ہوتاکس وقت پانی کشتی کے اندر داخل ہوا۔ ۔ ۔ اس کی آنکھ تو تب کھلتی ہے جب کشتی ڈوبنے لگتی ہے ۔پھرکوئی بھی دولت، کوئی بھی گاڑی ، کوئی بھی واسطہ کام نہیں آتابہ جزاللہ عزوجل کی رحمت کے ۔
’’آپ چاہتے ہیں کہ انسان ہمیشہ دوسروں کے ہاتھ دیکھتارہے ۔‘‘
اسحاق نے کہا۔
نہیں ! دوسروں کے نہیں اپنے ہاتھ پربھروسہ کر ے اور اپنے ہاتھ کا میل کام میں لائے اور اس میل کے حصول میں اللہ کی رضاشامل کر لے تو یقینا اسے تنگی نہیں ہو گی۔جب ہم ایک خواہش کے پیچھے بھاگتے ہیں تو اگلے ہی قدم پرایک اور خواہش پیدا ہوچکی ہوتی ہے ۔ ۔ ۔
اور یہ سلسلہ سانس کی آخری کڑی تک زنجیر ہو جاتا ہے ۔میں نے کہا۔
’’ہاں !بات تو ٹھیک ہے ، لیکن شاید اس طرح کی بندشوں کو قبول کرنا، اپنے بس کی بات نہیں ، شایدآپ کے بس میں بھی نہ ہو۔‘‘
یقینا میں بھی انسان ہوں ، لیکن اللہ کافضل مانگتا رہتا ہوں ۔جن راستوں کے تم اب آشنا ہوئے ہو، میں بہت پہلے ان سے آگاہ تھا، لیکن ربِّ کر یم کی رحمت نے مجھے ان پر چلنے نہیں دیا۔

’’ بجا سہی! لیکن جس دور میں ہم جی رہے ہیں اس کے بڑے تقاضوں میں سے ایک تقاضا بے تحاشہ دولت بھی ہے ۔جس کے پاس جس قدرزیادہ دولت اور بڑی گاڑی ہو گی وہ معاشرے میں مہذب کہلاتا ہے ۔شرفا کی صفوں میں شمارہوتا ہے اور جو، جس قدرغریب ہوتا ہے ، اتناہی کم تر اور تہذیب نا آشنا کہلاتا ہے ۔‘‘
اسحاق خاموش ہواتو میں نے کہا
رضوانی صاحب کو جانتے ہو؟
’’ ہاں !انھیں کون نہیں جانتا‘‘
اسحاق تم بہت زیادہ ہوئے تو کر وڑپتی ہو گے ۔ ۔ ۔ رضوانی صاحب کھرب پتی نہیں تو ارب پتی ضرورہیں ۔ملک بھر میں ان کاکاروبارپھیلا ہوا ہے ۔ بل کہ یورپ کے کئی ممالک میں بھی ان کاکاروبارہے ۔پچھلے ہفتے انھوں نے مجھے اپنے ہاں دعوت پربلایا۔ ۔ ۔ اور لوگ بھی شریک تھے ۔کھاناشروع ہوا تو تمام مہمانوں کے سامنے انواع واقسام کے کھانے چن دیے گئے ۔ ۔ ۔ مگرجانتے ہورضوانی صاحب نے سلاد کے چندپتے اور ماش کی دال کے ساتھ چپاتی کے گنے ہوئے نوالے لیے ۔ ۔ ۔ اور جب کھیرلائی گئی تو وہ بھی انھوں نے نہ چکھی۔ میں نے کہا آپ کچھ لے نہیں رہے ، شاید بعد میں کھائیں گے ۔جس پر رضوانی صاحب کہنے لگے
’’نہیں ! میں اتناہی کھاتا ہوں ، اللہ کی طرف سے مجھ پر کچھ پابندیاں عایدہو گئی ہیں ۔کبھی تھوڑی سے بے احتیاطی ہوجائے تو مہینوں بیمار رہتا ہوں ۔‘‘
میرے خاموش ہونے پراسحاق نے کہا
’’خداکے لیے مجھے مت ڈرائیں ، زندگی بار بار نہیں ملتی اور میں زندگی سے اپناپوراحصہ وصول کرنا چاہتا ہوں ۔‘‘
کون جانے زندگی کے پاس اس کاکتناحصہ ہے ، لیکن آدمی یہ ضرور جانتا ہے کہ آخرت کے لیے اسے کتناسرمایہ چاہیے ۔ابھی تم اس مقام پرنہیں ہوکہ لوٹ نہ سکو۔ جب سفیدکپڑے پر ایک داغ لگتا ہے تو اسے مٹایا جا سکتا ہے ۔ ۔ ۔ مگرجب داغوں کی تعدادبڑھنے لگے تو سفیدی کم ہوتی جاتی ہے ۔
ابھی میرے اور اسحاق کے درمیان مکالمہ جاری تھاکہ مسجدسے مؤذن کی آواز آئی
’’اللہ اکبر، اللہ اکبر‘‘
اور پھرہماری محفل برخاست ہو گئی۔
٭٭٭
قصور ہو تو ہمارے حساب میں لکھ جائے
محبتوں میں جو احسان ہو ، تمھارا ہو
میں اپنے حصے کے سُکھ جس کے نام کر ڈالوں
کوئی تو ہو جو مجھے اس طرح کا پیارا ہو
Locked

Return to “چیخوں میں دبی آواز”