اللہ کے وی آئی پی​

معاشرے اور معاشرت پر مبنی تحاریر کے لئے یہاں تشریف لائیں
Post Reply
اجمل خان
کارکن
کارکن
Posts: 97
Joined: Sat Feb 21, 2015 11:45 am
جنس:: مرد
Location: Karachi

اللہ کے وی آئی پی​

Post by اجمل خان »

اللہ کے وی آئی پی

ہم وی آئی پی VIP کلچر کے حامی نہیں بلکہ ہم نے تو کسی وی آئی پی VIP کو قریب سے دیکھا بھی نہیں۔ ایک عام آدمی ہوں اور ایک عام آدمی صرف سڑکوں پر یا کسی جلسے میں وی آئی پی VIP پروٹوکول دیکھ سکتا ہے۔ وی آئی پی VIPs سڑکوں پہ کس ٹھاٹھ سے فرفر کرتے گاڑیاں ڈوڑاتے چلے جاتے ہیں یا پھر کسی جلسہ گاہ میں جب سارے لوگ دھوپ میں جھلس رہے ہوں تو وی آئی پی VIPs اے سی لگے کنٹینرمیں یا شامیانے کے نیچے ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں کے مزے لے رہے ہوتے ہیں۔
میری طرح ہرعام آدمی کی دل بھی انگڑائیاں لیتی ہوگی کہ کاش میں بھی وی آئی پی VIP ہوتا۔
خیر اللہ کا شکر ہے کہ ہم عام آدمی ہیں اور اللہ نے ہمیں ایمان کی دولت سے بھی نوازاہے۔
آج ہم وی آئی پی VIP نہیں بن سکتے۔
لیکن ہم پیارے رسول اللہ ﷺ کے فرمانِ عالیشان کے مطابق آج اپنی ایمان کی پختگی اور اپنے اعمالِ صالح کے بدولت مندرجہ ذیل کسی بھی ایک کٹیگری میں شامل ہو جائیں تو قیامت کے دن ہم اپنےاللہ کے وی آئی پی VIP و مہمان خصوصی ہوں گے اور ہم وی آئی پی VIP پروٹوکول کے ساتھ عرشِ الٰہی کے چھاؤں میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں کے مزے لے رہے ہوں گے جبکہ آج کے وی آئی پی قیامت کے دن ‘ جو دنیا کی پچاس ہزار سالوں کے برابر ہوگا ‘ جس دن آفتاب بہت نزدیک ہوجائے گا جس کی ہولناک اور تباہ کن گرمی سےلوگوں کے دماغ پکنے لگیں گے اور لوگ اپنے اپنے گناہوں کے حساب سے کوئی گھٹنے تک‘ کوئی کمر تک اور کوئی کندھے تک اپنے ہی پسینے میں ڈوبا ہوگا۔

رسول اللہ ا نے ارشاد فرمایا:’’ سات ( کٹیگری کے) آدمی ایسے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے (عرش کے) سائے میں جگہ دیں گے‘ جس دن کہ عرش ِ الٰہی کے سائے کے علاوہ کوئی سایہ نہ ہوگا (یعنی قیامت کے دن اور وہ سات آدمی یہ ہیں):

1... عادل حکمراں‘
2... وہ نوجوان جو اپنے رب کی عبادت میں جوانی کی امنگ سے مصروف رہا‘
3... وہ شخص جو مسجد سے نکلے تو اس کا دل مسجد میں اٹکا رہے‘ یہاں تک کہ دوبارہ مسجد میں چلا جائے‘
4... وہ دو آدمی جنہوں نے محض اللہ تعالیٰ کی خاطر آپس میں دوستی کی‘ اس کے لئے جمع ہوئے اور اسی پر جدا ہوئے‘
5... وہ شخص جس نے تنہائی میں اللہ تعالیٰ کو یاد کیا تو اس کی آنکھیں بہہ پڑیں‘
6... وہ شخص جسے کسی باعزت اور حسین عورت نے ( برے ارادہ سے ) بلایا لیکن اس نے کہہ دیا کہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں اور
7... وہ شخص جس نے صدقہ کیا تو اس کو ایسا چھپا یا کہ اس کے بائیں ہاتھ کو بھی پتا نہ چلا کہ اس کے دائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا؟“۔ (ترمذی‘ ج:۲‘ ص:۶۲)

ہم سب دنیا اور آخرت دونوں میں اللہ کا سایہ کے طلب گار ہیں۔ قیامت کا دن بڑا سخت اور مشکل دن ہوگا۔ اس دن کوئی سایہ نہ ہوگا‘ سوائے عرشِ الٰہی کے سائے کے۔عرشِ الٰہی کے سائے میں ہونے کا مطلب ہے قیامت کی ہولناکیوں سے‘ ہر سختیوں سے محفوظ و مامون ہونا۔تو کیا ہم ان سات خصوصی اقسام کے وی آئی پی میں سے کسی ایک میں شامل ہوکر عرشِ الٰہی کے سائے میں جگہ پا سکتے ہیں؟
آئیے دیکھتے ہیں ان سات اقسام کے وی آئی پی کے کیا خصوصیات ہیں اور ہم اپنے اندر اِن خصوصیات کو کیسے پیدا کر سکتے ہیں:

[center]۔۔۔(۱) عادل حکمران۔۔۔[/center]​
ضروری نہیں کہ کسی کو ملک کی حکمرانی ملے یا کوئی منصف کے عہدے پر فائز ہو بلکہ حدیث میں ہے کہ ’’ مسلمانو! تم میں سے ہر ایک حکمراں ہے اور ہر ایک سے اس کی رعیت کی نسبت سوال کیا جائے گا‘‘ (مشکوٰة،ص:۳۲۰)
لہذاکے مطابق ہر عورت مرد حکمراں ہے اور کسی بھی طرفداری یا تعصب کے بغیر عدل و انصاف سے اپنے ماتحتوں سے معاملات کرنا اور خاص کر نفرت اور دشمنی دکھانے والوں کے ساتھ انصاف کا سلوکایک عام انسان کوبھی عادل حکمراں کے فہرشت میں شامل کر دیتا۔

[center]۔۔۔(۲) وہ نوجوان جو اپنے رب کی عبادت میں جوانی کی امنگ سے مصروف رہا۔۔۔[/center]​
جوانی اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہے ۔اللہ تعالیٰ جوانی کی عبادت کو بہت پسند کرتا ہے اور عبادت گزار نوجوان سے بہت زیادہ خوش ہوتا ہے ۔ لیکن زیادہ تر لوگوں کو جوانی میں عبادت کا خیال ہی نہیں آتااور پڑھاپے میں جبکہ قویٰ کمزور اور دنیا کی رنگینیاں معدوم ہونے لگتی ہے تو عبادت میں لگتے ہیں جبکہ قیامت کے دن ہم سے پوچھا جائے گا: اپنی جوانی کیسے گزاری؟​
جوانی میں انسان کو دنیا کی رنگینیاں اپنی طرف کھینچتی ہیں اور ایسے میں جو نوجوان دنیا کی رنگینیاں چھوڑ کر اللہ کی عبادت میں مگن ہو اور گناہ و نافرمانی سے دور رہے‘ اسے اللہ تعالیٰ اپنی رحمتِ خاص سے قیامت کی کٹھن حالات اور سخت گرمی میں اپنی عرش کے سائے جگہ دے گا ۔
لیکن افسوس کہ آج ہمارے نوجوانوں کی اکثریت اغیار کی سوچ کے یلغار سے مرعوب ہو کر’’ جوانی انجوائے کرنے‘‘ کے نام پہ اللہ کی نافرمانیوں میں گزار رہے ہیں۔

[center]۔۔۔(۳) وہ شخص جو مسجد سے نکلے تو اس کا دل مسجد میں اٹکا رہے‘ یہاں تک کہ دوبارہ مسجد میں چلا جائے۔۔۔[/center]​
یعنی ایسا شخص جو مسجد میں نماز و دیگر عبادات بجا لا کر اپنی دنیاوی ضروریات کیلئے نکلے لیکن دنیا میں اس کا دل نہ لگے اور ہر وقت مسجد جانے کیلئے بے چین رہے۔ عام طور پر لوگوں کےقلوب ملازمتوں، کاروباروں یا گھر وں میں اٹکے رہتے ہیں۔مسجد میں جانا یا مسجد سے دل لگانا لوگوں کی ترجیحات میں شامل نہیں ہوتی۔ ایسے میں جن کے قلوب اللہ کے گھروں سے منسلکہوں‘ جو اللہ کے گھروں سے محبت کرتے ہوں اور جو زیادہ سے زیادہ اللہ کے گھروں میں اللہ کے مہمان بن کر رہنا پسند کرتے ہوں‘ وہ قیامت کے دن اللہ کی خاص نعمت یعنی عرشِ عظیم کا سایہ میں ہوں گے۔

[center]۔۔۔(۴) وہ دو آدمی جنہوں نے محض اللہ تعالیٰ کی خاطر آپس میں دوستی کی‘ اس کے لئے جمع ہوئے اور اسی پر جدا ہوئے۔۔۔[/center]​
دوستی تو سب ہی کرتے ہیں اور اپنی دوستی خوش اسلوبی سے نباہتے بھی ہیں۔ تاہم دنیاوی اغراض سے پاک تقوی اور نیکی کی بنا پر اللہ کے لیے دوستی، ایک بہت ہی بابرکت دوستی ہے۔ اس مبارک دوستی کے تحت جب دو یا دو سے زیادہ لوگ آپس میں ملتے ہیں تو اپنے لئے اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کیلئے خیر و برکت سمیٹتے ہیں۔اللہ تعالیٰ انہیں اس دنیا میں بھی بھلائی سے نوازتا ہے‘ ان کے جدا ہونے سے پہلے ہی انہیں معاف کر دیتا ہے اور قیامت کے دن انہیں اپنی خاص رحمت سے وی آئی پی پروٹوکول یعنی عرشِ عظیم کے سائے میں جگہ دے گا ۔

[center]۔۔۔(۵) وہ شخص جس نے تنہائی میں اللہ تعالیٰ کو یاد کیا تو اس کی آنکھیں بہہ پڑیں۔۔۔​[/center]
تنہائی میں اللہ کو یاد کرنا جب اللہ کے علاوہ کوئی اور دیکھنے والا نہ ہو‘ ایسا زیادہ تر تہجد کے وقت ممکن ہے ۔ رات کے اندھرے میں نرم گرم بستر اور آرام و راحت بھری نید کو ترک کرکے عبادتِ الٰہی میں مشغول ہونا بغیر اخلاص‘ محبت اور خوف وخشیتِ الٰہی کے ممکن نہیں۔ اور واضح ہو کہ اِس اخلاص‘ محبتِ ‘ خوف وخشیتِ الٰہی جو دل میں پیدا ہوتے ہیںاگر ان سب کے ساتھ آنکھوں کی آنسو بھی شامل ہو جائے تویہ ایک ایسی عظیم سعادت ہے جس کے ذریعے سے بندہ اللہ کے وی آئی پی میں شامل ہو کر قیامت کے دن وی آئی پی پروٹوکول یعنی عرشِ عظم کے سائے میں قیام کرے گا۔

[center]۔۔۔(۶) وہ شخص جسے کسی باعزت اور حسین عورت نے ( برے ارادہ سے ) بلایا لیکن اس نے کہہ دیا کہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں۔۔۔​[/center]
یہاں نبی کریم ﷺ نے ایک اعلیٰ کردار کی مثال دی ہے اور یہ مثال مرد اور عورت دونوں کیلئے ہے۔
چاہے کوئی اعلیٰ حسب نصب کی با اثر امیر حسین و جمیل عورت کسی مرد کو ناجائز تعلقات کا لالچ دے اور اعلیٰ کردار کا حامل مرد کہہ دے کہ ’’ میں اللہ سے ڈرتا ہوں‘‘ یا کوئی اثر و رسوخ والا امیر خوبصورت مرد کسی عورت سے ناجائزقربت چاہے اور وہ عورت کہہ دے ’’ میں اللہ سے ڈرتی ہوں‘‘۔
نہایت ہی اعلیٰ اخلاق و کردار کے بغیر اس طرح کی فتنے کا انکار ممکن نہیں جبکہ برائی کی طرف بلانے والی یا بلانے والا اپنی پرکشش حسب نصب‘ دولت و ثروت اور خوبصورتی سےقائل کرنے اور لبھانے والی یا والا بھی ہو۔ ایسے اعلیٰ کردار کے حامل افراد ضرور اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی حفاظت میں ہونگے اور انہیں قیامت کے دن وی آئی پی پروٹوکول یعنی عرشِ عظیم کا سایہ نصیب ہو گا۔

[center]۔۔۔(۷) اوروہ شخص جس نے صدقہ کیا تو اس کو ایسا چھپا یا کہ اس کے بائیں ہاتھ کو بھی پتا نہ چلا کہ اس کے دائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا۔۔۔​[/center]
یہ صدقہ کی اعلی ترین قسم ہے کہ ایک ہاتھ سے دے تو دوسرے ہاتھ کو پتہ نہ چلے۔ اس صدقے کا مقصد نمود و نمائش اور ریاکاری نہیں اور نہ ہی صدقہ دے کر احسان جتانا ہے بلکہ صرف رضائے الٰہی مطلوب و مقصود ہے۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
الَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمْوَالَهُمْ فِي سَبِيلِ اللَّـهِ ثُمَّ لَا يُتْبِعُونَ مَا أَنفَقُوا مَنًّا وَلَا أَذًى ۙ لَّهُمْ أَجْرُهُمْ عِندَ رَبِّهِمْ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ
" وہ لوگ جو اپنے مال اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں اور خرچ کرکے پھر احسان نہیں جتاتے ،نہ دکھ دیتے ہیں، ان کا اجر ان کےرب کے پاس ہے۔ اور (قیامت کے روز) نہ ان کو کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔" [2:262]
لہذا ایسے لوگ ہر خوف و خطر سے بے نیاز قیامت کے روز اللہ کے مہمانِ خصوصی ہونگے اور انہیں عرشِ عظیم کے تھنڈے سائے میں وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ رکھا جائے گا۔

اصل میں یہ سات کے سات اعلیٰ اخلاقی اور روحانی کردار ہیں ‘ جو بندہ مومن ان میں سے ایک کردار کا بھی مظہر ہو گا وہ اللہ کے وی آئی پی میں شامل ہو کر قیامت کے دن عرش عظیم کے سائے کا حق دار ہوگا۔
سوچئے‘ سمجھئے اور غور کیجئے ! ہمارا رب کتنا عظیم ہے؛ اپنے بندوں کو مشکل میں ڈالنا نہیں چاہتا‘ آسانیاں پیدا کرنا چاہتا ہے۔۔۔ اس دنیا میں بھی‘ قیامت کے دن بھی اور آخرت کی ہمیشہ کی زندگی میں بھی۔
اور ہمارے پیارے نبی ﷺ جو کہ رحمۃ للعالمین اور روؤف رحیم ہیں‘ خیر و شر کی ہر بات بتا کر امت کیلئے آسانیاں پیدا کر گئے۔
کیا اب ہم ایسے بھی نہیں کہ آُ ﷺ کے بتائے ہوئے ان سات کرداروں میں سے کسی بھی ایک کردار کا نمونہ بن کر عرش عظیم کے سائے کا حقدار ہوں؟
آئیے دعا کرتے ہیں کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ اپنی رحمت سے ہمیں اِن اعلٰی اخلاقی اور روحانی کردار کا حامل بنا کر اس دنیا میں اپنی رحمتوں کے سائے میں اور آخرت میں اپنی عرشِ عظیم کے سائے میں جگہ دے کر سرخرو کریں۔ آمین
جوانی کے اچھے اعمال ہی بڑھاپے کی خوشگوار یادیں بنتی ہیں
User avatar
چاند بابو
منتظم اعلٰی
منتظم اعلٰی
Posts: 22224
Joined: Mon Feb 25, 2008 3:46 pm
جنس:: مرد
Location: بوریوالا
Contact:

Re: اللہ کے وی آئی پی​

Post by چاند بابو »

جزاک اللہ
قصور ہو تو ہمارے حساب میں لکھ جائے
محبتوں میں جو احسان ہو ، تمھارا ہو
میں اپنے حصے کے سُکھ جس کے نام کر ڈالوں
کوئی تو ہو جو مجھے اس طرح کا پیارا ہو
اجمل خان
کارکن
کارکن
Posts: 97
Joined: Sat Feb 21, 2015 11:45 am
جنس:: مرد
Location: Karachi

Re: اللہ کے وی آئی پی​

Post by اجمل خان »

و ایاک
جوانی کے اچھے اعمال ہی بڑھاپے کی خوشگوار یادیں بنتی ہیں
Post Reply

Return to “معاشرہ اور معاشرت”