ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ۔۔۔۔ منفرد اورخوب صورت لہجے کی شاعرہ۔

ملکی اور غیر ملکی شخصیات کا تعارف اور اردونامہ کے ان کے ساتھ کیئے گئے انٹرویو پڑھنے کے لئے یہاں تشریف لائیں
Post Reply
خاورچودھری
مدیر
مدیر
Posts: 202
Joined: Sun Mar 09, 2008 10:05 am

ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ۔۔۔۔ منفرد اورخوب صورت لہجے کی شاعرہ۔

Post by خاورچودھری »

جاری دور میں ہمارے یہاں علم وادب کی پذیرائی کچھ کم ہوگئی ہے۔ایسے میں کسی خاتون قلم کارکاسامنے آنابجائے خود بہت بڑی بات ہے۔کچھ عرصہ قبل مجھے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والی شاعرہ ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ کی کتاب’’ میںآنکھیں بندرکھتی ہوں‘‘ ڈاک سے موصول ہوئی تومیں نے اُسے ان کتابوں میں رکھ دیاجوپڑھے جانے کی منتظر ہیں۔ کم وبیش دو ماہ پہلے جب اس کتاب کوپڑھا تومجھے ایک توانالہجے کی شاعرہ کاسامناتھا۔ خوب صورت انداز میں خیالات کوموتیوں کی طرح پرونے والی یہ شاعرہ خود بھی خوب رُو ہیں،بلکہ اپنے اندر کی طرح۔ان کایہ انٹرویو ہفت روزہ’’ تیسرارُخ‘‘ اٹک کے لیے لیاگیاتھا۔ جویہاں اہل محفل کے ذوق کی خاطرشامل کیاجارہاہے۔امیدہے میری طویل غیرحاضری کواس انٹرویو کی وجہ سے معاف کردیاجائے گا۔

(خاورچودھری)

شخصیت۔۔۔ محترمہ ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ انٹرویو ۔۔۔خاورچودھری

* تاریخ پیدائش/ جائے پیدائش:
O۔۔۔5دسمبر بستی جندانی ڈیرہ غازی خان

* ولدیت:
O۔۔۔ جان محمد کھوسہ

* تعلیم:
O۔۔۔ ایم بی بی ایس

* وہ تعلیمی ادارے جہاں تعلیم حاصل کی:
O۔۔۔ نشتر میڈیکل کالج ملتان

* خاندانی پس منظر
O۔۔۔ سخت گیر بلوچ قوم جوزمینداری سے وابستہ ہے

* ازدواجی حیثیت
O۔۔۔ شادی شدہ

* بچے۔۔۔؟
O۔۔۔ دو بیٹے محمدعمرفریدکھوسہ اورمحمدحمزہ فرید کھوسہ ہیں

* وسیلۂ معاش
O۔۔۔ زمینداری ہے اوراپناپرائیویٹ ہسپتال ہے۔

* شاعری کے پیچھے کیا محرکات ہیں؟
O۔۔۔وہ خواہشیں جو جنم دینے سے پہلے مرجائیں‘ کسی نہ کسی صورت میں پھوٹتی ہیں۔

* پہلاشعرکب کہا؟
O۔۔۔دسمبر1996میں ہاؤس جاب کے دوران پہلی نظم’’ملاقات آخری‘‘ کہی جو میری پہلی کتاب’’پھول سے بچھڑی خوش بو ‘‘میں شامل ہے۔

* استاذِ سخن کون ہیں؟
O۔۔۔ شروع میں توباقاعدہ اصلاح نہیں لی مگراب غزل کہنے کے بعد جاویداحسن صاحب ڈیرہ غازی خان اوررضی الدین رضی صاحب ملتان کودکھادیتی ہوں۔

* تصانیف جو اب تک شائع ہوئیں
O۔۔۔’’پھول سے بچھڑی خوش بو ‘‘اور’’ میں آنکھیں بندرکھتی ہوں‘‘

* اعزازات/ایوارڈز
O۔۔۔دوسری کتاب پردوایوارڈز’’خوش بو رایٹرزایوارڈ اور’’درشن میگزین ایوارڈ مل چکے ہیں۔

* آپ غزل اورنظم دونوں اصناف میں طبع آزمائی کررہی ہیں‘ کس صنف میں زیادہ آسانی اورخوبی سے اظہار کرتی ہیں؟
O۔۔۔مجھے نظم کہنازیادہ اچھا لگتا ہے حالاں کہ میری غزلیں زیادہ پسند کی جاتی ہیں۔

* شاعروں اورشاعرات میں کس سے زیادہ متاثر ہیں؟
O۔۔۔ مجھے علامہ اقبال‘ فیض احمدفیض‘احمدفراز‘محسن نقوی اور پروین شاکربہت پسند ہیں۔

* دیکھا یہ گیا ہے بعض شاعرات نے شاعروں کی نسبت زیادہ جرأت سے اپنا مافی الضمیربیان کیا ہے‘آپ کے کلام میں بھی اس کے اثرات موجود ہیں۔ کیامخصوص اور روایتی ماحول میں مشکلات کا سامنا نہیں ہوتا؟
O۔۔۔یوں سمجھیں آگ کا دریا پھلانگناپڑتا ہے۔ جب میری پہلی کتاب آئی توہرطرف عجیب نظروں اورسوالوں کاسامناکرناپڑا۔

* اپنے دور میں اداجعفری پھرپروین شاکر‘ فہمیدہ ریاض اور کشورناہید نے اپنی جداگانہ شناخت بنائی اور اُردوشاعری کادامن نسائی لہجے سے بھردیا۔ جاری وقت میں وہ خاص آواز ظاہرنہیں ہوئی۔آپ کاکیاخیال ہے؟
O۔۔۔ اُس دور میں الیکٹرونک میڈیا کی اتنی بھرمار نہیں تھی۔ نیوزپیپرزاورمیگزین بھی گنے چنے تھے۔اگر کوئی اچھا لکھ رہا ہوتاتواس کی مناسب حوصلہ افزائی کی جاتی۔آج اچھا لکھنے والے بہت ہیں لیکن وہ متشاعروں کی بھیڑ میں گم ہیں اور میڈیا پربھی چندلوگوں کی اجارہ داری ہے جواپنی پسندکے لوگوں کوسامنے لاتے ہیں۔آج بھی اچھا لکھنے والے موجود ہیں۔

* آپ پیشے کے اعتبارسے ڈاکٹر ہیں۔ سائنس اورآرٹ کی وسیع خلیج کو آپ نے کیسے ہم کنارکردیا؟
O۔۔۔ڈاکٹری میراپیشہ ہی نہیں بلکہ عشق بھی ہے اورشاعری تحلیل نفسی(کتھارسس) کاذریعہ۔۔۔ میرے لیے دونوں بہت اہم ہیں۔احساس کے لیے وقت کی کوئی قید نہیں ہوتی۔

* ڈاکٹر کی زندگی بہت مصروف ہوتی ہے‘ آپ تخلیقی کاموں کے لیے وقت کیسے نکال لیتی ہیں؟
O۔۔۔میں گائنی آبسٹرکیکٹس کی پریکٹس کررہی ہوں اوراپناایک چھوٹاساہسپتال ہے جہاں چوبیس گھنٹے کام ہوتا ہے۔ شاعری کے لیے کوئی وقت مختص نہیں ہے۔ جب کچھ ذہن میں آیا لکھ لیتی ہوں۔

* کبھی کسی مریض کودیکھتے ہوئے بھی تخلیقی کیفیت طاری ہوئی یامریض کی حالت کودیکھ کراندر کی شاعرہ بیدار ہوئی؟
O۔۔۔ ایسی کیفیت طاری ہوجاتی ہے۔کئی دفعہ ایسا ہوا میرے ذہن میں بہت سے خیالات نے جگہ بنائی مگرکچھ لکھا نہ جاسکا اور جب لکھنے کے لیے وقت ملا تووہ کیفیت نہ مل سکی۔ اگر مجھے لکھنے کے لیے وقت ملے توروزانہ سیکڑوں موضوعات ملتے ہیں۔

* مطالعے کے لیے وقت کیسے نکال لیتی ہیں؟
O۔۔۔ اپنی نیندکی قربانی دے کرخاص طورپررات کے وقت جب ایمرجنسی کوڈیل کررہی ہوتی ہوں۔اس دوران میں ٹائم ملے تو پڑھ لیتی ہوں۔

* محبت شاعری کابنیادی نقطہ ہے۔ ہماری بیش ترشاعری اسی کے مدار میں گھومتی ہے۔ کیاشاعری کے لیے محبت ضروری ہے؟
O۔۔۔محبت کے بغیرشاعری کچھ بھی نہیں۔۔۔ پھرشعرصرف لفظوں کاہیرپھیرہوجاتاہے‘جس میں کوئی تاثیر نہیں ہوتی۔

* عشق اورمحبت کی تفریق کیسے کریں گی؟
O۔۔۔عشق کی بنیادمحبت ہے۔۔۔ محبت جب ہرتفریق کوختم کردے اوروفااورجنوں کاامتزاج بن جائے توعشق ہوجاتی ہے۔۔۔ عشق وحدانیت ہے۔۔۔ خدا ہے۔

* محبت کے موضوع پرآپ کی بہت سی نظمیں ہیں‘ کیا یہ صرف’شاعری‘ ہے یا اس کے پیچھے حقیقت بھی موجود ہے؟
O۔۔۔ آپ کے اس سوال کا جواب پھر وہی ہے کہ محبت کے بغیر شاعری صرف لفظوں کا ہیر پھیر ہے۔

* کیاآپ سمجھتی ہیں کہ محبت کوشاعری کے موضوعات سے نکال دیں توبھی شاعری پڑھنے والوں کے جذبات کوشانت کرے گی؟
O۔۔۔ محبت بہت وسیع ہے۔ یہ ماحول سے، لوگوں سے، وطن و قوم سے، جس صورت میں بھی ہو، اسی صورت میں لفظوں میں اپنا جادو جگاتی ہے۔
آپ اس کو سلا دیں تو پھر خالی لفظ کیا اثر کریں گے۔

* آپ کے خیال میں موجودہ عہد کی شاعری کاکیامقام ہے؟
O۔۔۔شاعری کے لیے بدقسمتی کادور ہے۔۔۔ لوگوں کے پاس وقت نہیں کہ شاعری پڑھیں۔پڑھنے لکھنے اورکتاب نے اپنامقام کھودیاہے۔

* آپ کاخمیرجس مٹی سے لیاگیا ہے‘وہ ایک تہذیب رکھتی ہے‘ علمی‘ادبی اوردینی بھی۔۔۔ آپ کی شاعری پربھی اس کے اثرات موجود ہیں‘عام قاری اس کی شناخت کیسے کر سکتا ہے؟
O۔۔۔دل کی بات اثررکھتی ہے۔اگرمیرے لفظوں میں وفااوردعاہوگی توعام قاری بھی پہچان لے گا۔

* ہمارے یہاں حمد‘نعت‘ منقبت اوراسلامی اثرات کی دوسری اصناف بھی ہیں۔آپ نے اس طرف توجہ دی ہے؟
O۔۔۔ جی! میں نے حمدونعت کہی ہیں بلکہ میں نے کعبہ پاک کے سامنے بیٹھ کرجونعت کہی وہ مجھے توپسند ہے ہی لوگوں نے بھی بہت پسند کی۔

* اگرآپ کوزیاوہ وقت ملے توآپ کیاکام کرناپسندکریں گی؟
O۔۔۔مجھے زیادہ توکیاکم وقت بھی ملے تومیں کوشش کروں گی کہ مجھ سے جتنا ممکن ہوسکے لوگوں کی خدمت کروں اوراللہ کی مددسے کچھ نیک کام کرجاؤں۔

* آپ کاشعبہ یقیناایک مکمل خدمت کاشعبہ ہے۔کیاکسی اورفلاحی کام میں بھی مشغول ہیں؟
O۔۔۔جی! میں جنوبی پنجاب(خواتین ونگ کی) مذہبی وذہنی ہم آہنگی وامن کمیٹی کی چیئرپرسن ہوں۔

* فارغ اوقات میں کیا مشغلہ ہوتا ہے؟
O۔۔۔ لکھناپڑھنا‘کوکنگ اورباغبانی کرنا۔

* ہسپتال‘ گھراورپھرتخلیقی کاموں کے درمیان فرق اورانصاف کیاآسان ہے؟
O۔۔۔بالکل بھی نہیں۔۔۔ لیکن میری خوش قسمتی ہے کہ میراہسپتال اورگھرنزدیک ہیں۔میراایک پاؤں گھر میں تودوسرا ہسپتال میں ہوتاہے۔اسی بھاگ دوڑ کی وجہ سے سرکاری ملازمت چھوڑی۔۔۔ جہاں تک تخلیقی کاموں کاتعلق ہے توذہنی سفراوراحساس کاسفرتوساتھ ساتھ جاری رہتے ہیں۔مخصوص وقت نہیں ہے تخلیقی کاموں کے لیے۔

* ابلاغ کے اس تیزترین دور میں شاعرکاکہاں کھڑا ہے؟کیا اس کی آوازپہلے جیسی مؤثر ہے؟
O۔۔۔انفرادی طورپرتوکچھ لوگ سامنے آئے ہیں مگربہت سے اچھالکھنے والے ابلاغ کی اس دوڑ میں گرد بن چکے ہیں۔ آج شاعر کو اپنی آواز موثر کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ تگ و دو کی ضرورت ہے اور تحمل و برداشت کی بھی ضرورت ہے۔


* بعض لوگوں کوشکوہ ہوتا ہے کہ مضافات میں رہنے والے ادیبوں کو نظراندازرکھا جاتا ہے‘ کیاآپ بھی یہ سمجھتی ہیں؟
O۔۔۔ بالکل۔ اگر آپ کسی بڑے شہر میں رہتے ہیں اور تھوڑا سا بھی لکھتے ہیں تو پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا آپ کی اپروچ میں ہوتے ہیں۔
مضافات میں رہنے والوں کو اپنی شاعری یا نثر کو آگے لانے میں بہت سی مشکلات در پیش ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے ادیبوں، تقریبات اور
میڈیا کے نظر انداز ہونے کو بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔

* مضافات کے ادیبوں کواپنی شناخت کے لیے کیا کرناچاہیے؟
O۔۔۔ مضافات کے ادیبوں کو اپنی شناخت کے لیے کوئی مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا چاہیے جسے کہ کوئی مشترکہ ادبی تقریبات اور کوئی مشترکہ ادارہ جو کہ
ان کی تخلیقات کو شائع کرانے کا اہتمام کرے۔

* کیاہمارانظامِ تعلیم ہماری تہذیب وثقافت کی معاونت کرتا ہے؟
O۔۔۔کچھ عرصہ پہلے تک ایسا تھا مگراب ایسا نہیں ہے۔۔۔اب ہمارانظام مغربی ثقافت کی معاونت کررہاہے۔ہم اغیارکے طورطریقے اپناکراپنی تہذیب وثقافت گم کرچکے ہیں۔

* موسیقی سے لگاؤ ہے؟ ہے توکس قسم کی موسیقی کو پسند کرتی ہیں؟
O۔۔۔سنجیدہ اوردردمیں لپٹی ہوئی موسیقی پسند ہے‘خصوصاًغزلیہ کلام۔

* بدن کی شاعری یعنی رقص پسند ہے؟
O۔۔۔کلاسیکل رقص کسی حدتک پسند ہے مگرآج کل کایہ بے ہودہ ناچ کسی طورپسند نہیں ہے۔

* پسندیدہ کتاب۔۔۔ پسندیدہ شخصیت۔۔۔۔۔۔پسندیدہ قوم۔۔۔۔۔۔پسندیدہ نظم/شعر
O۔۔۔ میری پسندیدہ کتاب قرآن پاک ہے‘ پسندیدہ شخصیت حضرت محمد صلی اللہ کی ذات گرامی ہے‘ پسندیدہ قوم پاکستانی ہے۔ جب کہ ساغرصدیقی کایہ شعرپسند ہے :
زندگی جبر مسلسل کی طرح کاٹی ہے جانے کس جرم کی پائی ہے سزا یاد نہیں

* پسندیدہ رنگ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پسندیدہ خوش بو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پسندیدہ موسم۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پسندیدہ ملک/مقام۔۔۔۔۔۔
O۔۔۔گلابی اورفیروزی رنگ پسند ہیں‘یاسمین کی خوش بو من کو لبھاتی ہے‘ بہار کاموسم دامنِ دل کو اپنی طرف کھینچتا ہے اورمکہ اور مدینہ سمیت پاکستان پسند ہیں۔

* کوئی ایسی بات جس کااظہارکرناچاہتی ہوں؟
O۔۔۔ہاں! یہ کہناہے کہ اے لوگو! منافقت چھوڑدو‘سچ کوسچ سمجھ کرپیارکرو۔۔۔اپنی شناخت‘اچھائی اورتہذیب کودوسروں کی تہذیب اور برائی پرقربان نہ کرو۔۔۔ اللہ کودھوکا دینے کی کوشش نہ کرو کہ وہ سب سمجھتا ہے۔
* اپنے کچھ اشعار سنائیے :
جلا رکھتا نہیں شاہین کوئی بجھتے چراغوں کو
یہ رازِ زندگی ، خود زندگی سمجھا گئی مجھ کو

[center]ابتداء درد ہے ، انتہا درد ہے
عشق کا درد تو لا دوا درد ہے

رت جگے ، آنسو، دعائے بے اثر ہے اور میں
عشق لا حاصل ہے، اک اندھا سفر ہے اور میں

آس اب بجھنے لگی وہ لوٹ کر آئے نہیں
جھیل پر اب بھی وہ اک تنہا شجر ہے اور میں

ہجر میں بھی یہ مری سانس اگر باقی ہے
اسکا مطلب ہے محبت میں اثر باقی ہے

چھوڑ یہ بات ملے زخم کہاں سے تجھ کو
زندگی اتنا بتا، کتنا سفر باقی ہے

سانس لینا ہی تو شاہینؔ نہیں ہے جیون
ڈھونڈ کر لاؤ مری روح اگر باقی ہے

*****[/center]
اضواء
ٹیم ممبر
ٹیم ممبر
Posts: 40424
Joined: Sun Aug 15, 2010 4:26 am
جنس:: عورت
Location: {الدمام}المملكةالعربيةالسعوديه

Re: ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ۔۔۔۔ منفرد اورخوب صورت لہجے کی شاعر

Post by اضواء »

a.a

خوب رُو شاعرہ کا خوبصورت اور شاندار انٹریو(تعارف نامہ) پئیش کرنے پر آپ کا بہت بہت شکریہ


دعاء ہے کے وہ اس سے بھی اور زیادہ اور اعلیٰ مقام حاصل کرے ...
[center]یہ بھی انداز ہمارے ہے تمہیں کیا معلوم
ہم تمہیں جیت کے ہارے ہے تمہیں کیا معلوم[/center]
افتخار
معاون خاص
معاون خاص
Posts: 11810
Joined: Sun Jul 20, 2008 8:58 pm
جنس:: مرد
Contact:

Re: ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ۔۔۔۔ منفرد اورخوب صورت لہجے کی شاعر

Post by افتخار »

بہت زیادہ معلومات فراہم کرنے کا شکریہ
خاورچودھری
مدیر
مدیر
Posts: 202
Joined: Sun Mar 09, 2008 10:05 am

Re: ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ۔۔۔۔ منفرد اورخوب صورت لہجے کی شاعر

Post by خاورچودھری »

اضوا
وعلیکم السلام اور شکریہ
افتخار
خوش رہیے
User avatar
چاند بابو
منتظم اعلٰی
منتظم اعلٰی
Posts: 22224
Joined: Mon Feb 25, 2008 3:46 pm
جنس:: مرد
Location: بوریوالا
Contact:

Re: ڈاکٹرنجمہ شاہین کھوسہ۔۔۔۔ منفرد اورخوب صورت لہجے کی شاعر

Post by چاند بابو »

ارے یار یہاں میں نے بھی کچھ لکھا تھا وہ کدھر گیا؟
قصور ہو تو ہمارے حساب میں لکھ جائے
محبتوں میں جو احسان ہو ، تمھارا ہو
میں اپنے حصے کے سُکھ جس کے نام کر ڈالوں
کوئی تو ہو جو مجھے اس طرح کا پیارا ہو
Post Reply

Return to “ادبی شخصیات کا تعارف نامہ”