یومِ شہادت شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعید

یومِ شہادت شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعید

Hakeem Muhammad Saeed

خراج عقیدت کی مستحق ہیں وہ شخصیتیں اور ادارے جو معاشرے میں اچھی اور مفید روایتیں قائم کر جاتی ہیں۔ ثقافت انہی روایتوں سے جلا پاتی ہے اور یہی روایتیں انفرادی اور اجتماعی زندگی کو روشنی، شیرینی اور علم عطاءکرتی ہے۔ شہید پاکستان حکیم محمد سعید اور ہمدرد فاﺅنڈیشن نے اعتراف علم جبکہ ہمدرد یونیورسٹی نے فروغ علم کی جو روایت قائم کی ہے وہ مادیت کے اس عہد میں قابل ستائش ہے۔ شہید پاکستان حکیم محمد سعید کی خدمات علم و حکمت سے لیکر فہم و ادراک تک پاکستان کے حوالے سے ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔ حکیم محمد سعید شہید صرف طبیب ہی نہیں بلکہ حکیم بھی تھے۔ وہ اپنے وقت کے صاحب علم و حکمت تھے۔ ان کی عقابی نظریں علم طب ہی تک محدود نہیں تھیں بلکہ شعبہ ہائے زندگی کے ہر شعبے پر جن کا تعلق علم و حکمت سے ہے ان کی نظر گہری تھی۔ چنانچہ طب قدیم، طب جدید، قدیم سائنس، جدید سائنس اور تعلیم نونہالان، ثانوی اور اعلا ثانوی سے لے کر جامعات تک کی تعلیم کے متعلق بھی انہوں نے بڑی حکمت سے کام لیاتھا۔