پچھلے کچھ دنوں بلکہ تقریبا دو ماہ سے اردونامہ فورم اور اردونامہ بلاگ مسلسل ہیکرز کے حملوں کا شکار ہے اور ہیکرز مسلسل اس میں کچھ ایس کیو ایل انجکشنز داخل کرنے میں کامیاب ہو رہے تھے جس کی وجہ سے اردونامہ مسلسل مشکلات کا شکار رہا اور کئی بار تو صورتحال ایسی ہو گئی کہ میں بھی مایوس ہو گیا تھا کہ اب شاید اردونامہ بند ہی کرنا پڑے گا یا پھر نئے سرے سے سارا کچھ کرنا پڑے گا اور ہماری کئی سال کی محنت ضائع ہو جائے گی.
مگر پھر الحمداللہ مسلسل کاوشوں اور اللہ پاک کی مدد کے نتیجے میں ایک بار پھر اردونامہ مکمل طور پر نا صرف سیکور ہو گیا بلکہ اس پر ہونے والے تمام اٹیک کا مکمل حل بھی ہو گیا. اور اس وقت اردونامہ فورم اور بلاگ دونوں انتہائی سیکور اور کسی بھی قسم کے وائرس یا مالوئیر سے بالکل پاک ہے.
اس سارے عمل میں جہاں اردونامہ کو اتنا فائدہ پہنچا وہاں مجھے بھی خاصہ فائدہ ہوا کہ میں اس طرح کے حملوں کا مقابلہ کرنا الحمداللہ بہت اچھی طرح جان گیا ہوں اور امید ہےکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی صورتحال میں مجھے زیادہ فکرمند نہیں ہونا پڑے گا.
اب چونکہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے کچھ حد تک معلومات حاصل ہو گئی ہیں کہ ایک ایسی ورڈپریس سائیٹ جس پر مسلسل اٹیک ہو رہے ہوں یا ایک ایسی ویب سائیٹ جو اٹیک کی وجہ سے بند یا بد شکل ہو چکی ہو اسے کیسے دوبارہ اپنی اصلی حالت میں لاتے ہیں اور مستقبل میں اس جیسے حملوں کا سدباب کیسے کیا جا سکتا ہے. اس لئے میں نے مناسب سمجھا کہ اس حوالے سے اردونامہ کے اراکین جن میں ایک بڑی تعداد اپنے بلاگ یا ویب سائیٹ چلا رہی ہے کو بتایا جائے کہ ایسا کیونکر ممکن ہو سکتا ہے.