فہرست
اردونامہ فورم کی طرف سے پچھلے دنوں ڈراپ شپنگ اور پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے ایک مضمون شائع کیا گیا جس کا مقصد پاکستانی دوستوں کو ڈراپ شپنگ کے کاروبار کا طریقہ کار سمجھانا اور پاکستان میں ڈراپ شپنگ کے کاروبار کے حوالے سے موجود دائرہ کار کو زیرِ بحث لایا گیا تھا۔
دوستوں کی فرمائش پر اس مضمون کی دوسری قسط کے طور پر موجودہ مضمون لکھا جا رہا ہے جس میں ایک بار پھر ڈراپ شپنگ کے کاروبار اور پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کاروبار شروع کرنے کے طریقے سے لے کر اس کے متعلق چند ضروری معلومات شئیر کی جا رہی ہیں۔
آج کل ڈراپ شپپنگ کا کاروبار شروع کرنا فوری پیسہ کمانے کا ایک آسان ترین طریقہ ہے۔ ایمیزون ، ای بے ، ایٹسی ، شاپائف ، اور دیگر آن لائن بازار اور پلیٹ فارمز کی نمو کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھی 20 ڈالر تک کی کم ترین انوسٹمنٹ سے آن لائن اسٹور شروع کرسکتا ہے۔
لیکن، انٹری کی رکاوٹیں بہت کم ہونے کی وجہ سے پچھلے دس سالوں میں ڈراپ شپپنگ کی مقبولیت میں اس قدر اضافہ ہو چکا ہے کہ یہاں ایک زبردست مقابلے کی فضا پیدا ہو چکی ہے اور پاکستان میں یہ صورتحال تیزی سے پیدا ہو رہی ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اب آپ اس کاروبار کو شروع نہیں کر سکتے ہیں۔ کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ ڈراپ شپنگ کاروبار کیسے شروع کریں؟
پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کاروبار
چونکہ اس وقت مارکیٹس میں انتہائی مقابلہ بازی کا عمل جاری ہے اور اگر اس وقت آپ پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کاروبار شروع کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اسے ایک سائیڈ بزنس کے طور پر یا پھر اپنی کل وقتی ملازمت کو چھوڑنے اور ایک اپنا بزنس شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں تو نیچے دیئے گئے آسان اقدامات پر عمل کرکے آپ اپنے آپ کو کامیابی کے لئے تیار کرسکتے ہیں۔
لیکن اس سے پہلے کہ ہم اس کاروبار کو شروع کرنے کے طریقوں والے حصے میں جائیں، یہ سمجھنا شاید بہت ضروری ہے کہ ڈراپ شپنگ کا کاروبار کیا ہے؟
ڈراپ شپنگ کیا ہے اس کے بارے میں اردونامہ فورم پر پہلے سے ایک مفصل مضمون موجود ہے البتہ مختصر اس کے بارے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ ڈراپ شپنگ ایک ایسا کاروبار ہے جس میں بیچنے والے کو اپنی انونٹری رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی ہے اور وہ دوسرے لوگوں مثلا مینوفیکچرر یا ہول سیلر کی پراڈکٹس کی مارکیٹنگ کرتا ہے اور موصول ہونے والے آرڈرز کو ان تک پہنچاتا ہے جہاں سے مطلوبہ پراڈکٹ براہ راست گاہک کو سپلائی کر دی جاتی ہے۔
ایک بار جب آپ کے سپلائر کو آرڈر مل جاتا ہے، تو وہ آپ کے کاروبار کے نام سے صارف کو براہ راست یہ سامان بھیج دیتے ہیں جب کہ آپ درمیان میں اپنے منافع کا مارجن کماتے ہیں۔ آپ کو بس ریٹیل ویب سائٹ یا اسٹور مرتب کرنا ہے، صارفین کو تلاش کرنا ہے اور کسٹمر سپورٹ کو سنبھالنا ہے۔
انتہائی مختصر اور ٹیکنیکل الفاظ میں ڈراپ شپنگ ایک ایسا کاروبار ہے جس میں بیچنے والے کے پاس اپنا کوئی سامان موجود نہیں ہوتا اور وہ بس آرڈرز اور کسٹمر کی شپمنٹ کی تفصیلات کو سپلائیرز تک فارورڈ کرتا ہے جو یہ سامان براہ راست کسٹمرز کو بھیج دیتے ہیں اور آپ اپنی ان خدمات کے عوض اس سامان کی قیمت میں سے اپنا ایک منافع کماتے ہیں۔
ڈراپ شپنگ کا کاروبار شروع کیسے کیا جا سکتا ہے؟
مختصر الفاظ میں بتایا جائے تو ڈراپ شپنگ کا کاروبار مندرجہ ذیل طریقے سے کام کرتا ہے۔
کسٹمر آپ کے آن لائن ریٹیل اسٹور سے ریٹیل قیمت پر ایک پراڈکٹ کا آرڈر دیتا ہے
آپ اس آرڈر کو اپنے سپلائیر تک فارورڈ کرتے ہیں اور اسے اس پراڈکٹ کی ہول سیل کی قیمت ادا کرتے ہیں
آپ کا سپلائر گاہک کو آپ کے بزنس نام کے ساتھ مطلوبہ پراڈکٹ سپلائی کر دیتا ہے
ہول سیل اور ریٹیل سیل کی قیمت میں جو فرق ہوتا ہے وہ آپ کا منافع ہے۔
اگر اس سارے عمل کو مختصر ترین طریقے سے سمجھایا جائے تو وہ کچھ اس طرح بنتا ہے۔
اوپر دی گئی مثال سے واضح ہوتا ہے کہ آپ یعنی ایک ڈراپ شپر کو خود سے کوئی سامان خرید کر اپنے وئیرہاؤس میں ہرگزنہیں رکھتا ہوتا ہے جو آپ کو کاروبار شروع کرنے میں ہونے والی بھاری اپ فرنٹ انوسمنٹ سے بچاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ آپ کو بھاری مقدار میں کوئی پراڈکٹ خریدنے اور اس کے فروخت نہ ہونے کی صورت میں ہونے والے نقصان کے رسک سے بھی بچاتا ہے جو کہ ہمیشہ کسی بھی کاروبار کے فیل ہونے اور بھاری نقصان ہونے کا سبب بنتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا سمیت پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کاروبار اس قدر مقبول ہو چکا ہے کہ اس میں بہت کم رسک ہے لیکن منافع ایک عام ریٹیل بزنس کی طرح زیادہ ہے۔
پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کاروبار اور اس کے بین الاقوامی اعدادوشمار
ڈراپ شپنگ کے کاروباری کی اس قدر مقبولیت، اس میں کم سے کم رسک فیکٹر موجود ہونے کی وجہ سے بہت سارے لوگ اسے انتہائی قابل عمل سمجھتے ہیں اور اسے شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔ گو کہ ڈراپ شپنگ کے کاروبار کے متعلق بہت کم اعداد و شمار موجود ہیں لیکن نیچے دیئے گئے اعداد و شمار نہ صرف آپ کی تسلی کے لئے کافی ہیں بلکہ وہ پاکستان میں ڈراپ شپنگ کے آپ کے اس کاروبار کے شروع کرنے کے شوق کو مزید مہمیز دینے کے لئے کافی ہوں گے۔
22 سے 33 فیصد آن لائن ریٹیل اسٹورز ڈراپ شپنگ کے کاروبار کو اپنا بنیادی کاروباری ڈھانچہ بناتے ہوئے اسی ماڈل پر عمل کر رہے ہیں۔
ایمازون اسٹورز پر سال 2011 میں فروخت ہونے والے کل سامان کا 34 فیصد ڈراپ شپنگ کے ذریعے بیچا گیا تھا، جس کا حجم 14.2 بلین ڈالر بنتا ہے اور یہ صرف ایک آن لائن پلیٹ فارم کے اعداد و شمار ہیں۔
ایک مینوفیکچرر جو کہ ڈراپ شپنگ کا ماڈل استعمال کرتے ہوئے اپنی پراڈکٹس فروخت کرتا ہے اس کا منافع ایک ایسے مینوفیکچرر جو ابھی تک پرانے طریقوں سے اپنا مال بیچ رہا ہے سے 18.33 فیصد زیادہ ہے جو کہ ایک بہت بڑی رقم ہے۔
عالمی سطح پر ای کامرس انڈسٹری کی کل سیل کا حجم 2.3 ٹریلین امریکی ڈالر ہے جو کہ سال 2021 کے آخر تک 4.48 ٹریلین ڈالر تک بڑھنے کی توقعات رکھتا ہے۔
84 فیصد ڈراپ شپرز کے مطابق ایک اچھے اور قابل اعتماد سپلائیر یا مینوفیکچرر سے تعلقات بنانا ہی اس کاروبار میں سب سے مشکل اور پیچیدہ کام ہے اگر یہ مرحلہ کامیابی سے طے ہو جائے تو پھر اس کاروبار میں مشکلات نہ ہونے کے برابر رہ جاتی ہیں۔
پچھلے کچھ سالوں کا گوگل ٹرینڈز کا ڈیٹا ڈراپ شپنگ کے کاروبار میں انتہائی تیزی سے مقبول ہونے والے ٹرینڈز دکھاتا ہے۔
اس سارے مرحلے اور تمام معلومات بہم پہنچ جانے کے بعد اب آخری مرحلہ آتا ہے کہ پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کام شروع کرنے کے عملی مراحل کونسے ہیں؟
پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کام شروع کرنے کے مراحل کیا ہیں؟
ایک اچھے کاروباری رویئے، اخلاقی کاروباری رجحانات اور اپنے نئے کاروباری معاہدے کو بہترین طریقے سے نبھانے کے عزم کے علاوہ صرف مندرجہ ذیل چند ایک چیزیں ہیں جو اس پاکستان میں ڈراپ شپنگ کے کاروبار کو شروع کرنے کے لئے چاہیں ہوں گی۔ جند کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
بیچنے کے لئے ایک عدد پراڈکٹ
اس پراڈکٹ کا ایک یا ایک سے زائد قابل اعتماد سپلائیر یا مینوفیکچرر جو اسے سپلائی بھی کر سکے۔
اس پراڈکٹ کو بیچنے کے لئے ایک آن لائن پلیٹ فارم
اور ایک سیلز ٹیکس آئی ڈی نمبر
کیا مارکیٹ کی مطابقت سے آپ کے پاس ایک مخصوص اور مناسب چیز (Niche) موجود ہے؟
یہاں لفظ Niche کا ترجمہ کرتے ہوئے یقینا میں غلطی کر رہا ہوں لیکن شاید اس سے بہتر ترجمہ میری نظر سے نہیں گزرا ہے، دراصل Niche کسی خاص قسم کی مصنوعات یا خدمات کے لئے مارکیٹ کا ایک مخصوص طبقہ ہوتا ہے جو مصنوعات، خدمات، یا مفادات کو ظاہر کرتا ہے جو آبادی کے ایک چھوٹے لیکن مخصوص حصے کو اپیل کرتا ہے۔
مثال کے طور پر ، بلوٹوتھ اسپیکر ہوم آڈیو مارکیٹ میں ایک مقبول Niche ہے۔ آپ یہاں تک کہہ سکتے ہیں کہ آؤٹ ڈور، واٹر پروف بلوٹوتھ اسپیکر بلوٹوتھ اسپیکر Niche کا ایک ذیلی مقام ہے۔ آپ کی Niche جتنی زیادہ مخصوص ہوتی ہے اتنا ہی آپ کا آئیڈیا زیادہ بہتر ہوتا ہے اور اس کی کامیاب کا انحصار بڑھتا جاتا ہے۔
ایک ایسی Niche کا اتنخاب جس کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ زیادہ ہو اس کاروبار کو شروع کرنے کی طرف آپ کا پہلا قدم ہے، مارکیٹ میں روز بروز نئی نئی Niches متعارف ہو رہی ہیں اور جس کے ساتھ ساتھ کامیابی کے مواقع بھی بڑھ رہے ہیں۔ یہاں ایک خام خیالی اکثر اوقات دیکھی جاتی ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ آپ ہر Niche سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور کامیابی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ ایسا نہیں ہے۔
یہاں ہم نے آپ کی رہنمائی اور پاکستان میں ڈراپ شپنگ شروع کرنے کے لئے چند رہنما اصول وضح کیئے ہیں جو کہ 2021 میں آپ کے ڈراپ شپنگ نیچھ Drop Shipping Niche کو منتخب کرنے اور اپنے کاروبار میں کامیابی سمیٹنے کے لئے اہم ہو سکتے ہیں۔
اپنی دلچسپی اور خواہشات سے شروعات کریں
اپنے اندر موجود شوق اور دلچسپیوں کو ٹٹولیں۔ اگر آپ باہر سفر کرنے یا ہائیکنگ سے لطف اندوز ہوتے ہیں تو آپ کو ان آن لائن مارکیٹس میں ان مصنوعات اور رجحانات کا بہترین علم ہوگا جو آپ کو قابل عمل مقام کی نشاندہی کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ تو پھر کیوں نہ اسی کام سے شروع کیا جائے جو آپ پہلے سے جانتے ہیں۔ پاکستان میں ڈراپ شپنگ شروع کرنے کے لئے اس سے بہتر پراڈکٹ کونسی ہو سکتی ہے جس کے بارے میں آپ خود سے بہت کچھ جانتے ہیں۔
اپنے آپ کو درپیش مسائل کے بارے میں سوچیں
کاروباری اسکول آف تھاٹ کا یہ بہت پرانا اور معروف طریقہ ہے کہ نظریہ یہ ہے کہ، اگر آپ کو اپنی زندگی میں کوئی پریشانی اور مسائل درپیش ہیں تو پھر اس کا بہت زیادہ امکان ہے کہ دوسروں کو بھی وہی مسئلہ درپیش ہو۔ اگر آپ کسی ایسی پروڈکٹ کی نشاندہی کرسکتے ہیں جو اس مسئلے کو حل کرتی ہے تو آپ کو ایک زبردست ڈراپ شاپنگ Niche معلوم ہوسکتی ہے۔ اور پاکستان میں ڈراپ شپنگ کے لئے ایسی پراڈکٹ کا انتخاب آپ کے لئے بہترین ثابت ہو سکتا ہے۔
پاکستان میں ڈراپ شپنگ کے اپنے مدمقابل پر ریسرچ کریں
کیا جس Niche کا آپ نے انتخاب کیا ہے اس پر پہلے سے بہت سارے لوگ کام کر رہے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو کیا اس مقابلے بازی کی فضا میں آپ اپنے مدمقابل کو شکست دے سکتے ہیں؟ اگر آپ کا جواب ہاں میں ہے تو اس مخصوص چیز پر کام کرنا سب سے بہتر ہے کیونکہ جہاں مقابلے بازی کی فضا ہوتی ہے وہاں اس چیز کی ڈیمانڈ بھی بہت زیادہ ہوتی ہے۔
یہاں ایک مسئلہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ جس Niche پر آپ کام کرنا چاہتے ہیں اکثر اسی پر بہت سارے لوگ پہلے سے کام کر رہے ہوتے ہیں، بلکہ یوں کہا جائے کہ ہر کوئی اسی پر کام کر رہا ہے تو بھی غلط نہ ہو گا۔ لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ آپ اس میں کامیاب نہیں ہو سکتے ہیں بس آپ کو تھوڑی مقابلے بازی کے لئے تیار ہونے کی ضرورت ہے۔
یہ یقین کر لیں کہ جو Niche آپ نے منتخب کی ہے وہ منافع بخش بھی ہو
کسی بھی کاروبار کا بنیادی مقصد پیسے کمانا ہوتا ہے، اس لئے آپ اپنی جتنی بھی ڈراپ شپنگ کی Niches منتخب کرتے ہیں ان میں یہ ضرور یقین کر لیں کہ اس میں اپنے اخراجات نکال کر کم از کم 40 فیصد منافع کے مواقع موجود ہیں البتہ زیادہ منافع میں یہ اکثر اوقات 100 فیصد یا اس سے بھی زیادہ پر دیکھا جا سکتا ہے۔
امید کرتا ہوں کہ اردونامہ کے دوستوں کو یہ مضمون پسند آیا ہو گا آپ لوگوں تک مطلوبہ مواد بہترین اور آسان الفاظ میں بہم پہچانے کے لئے مختلف سورسز سے استفادہ حاصل کرنے کے بعد یہ مضمون پایا تکمیل تک پہنچایا گیا ہے. امید ہے کہ پاکستان میں ڈراپ شپنگ کا کاروبار شروع کرنے کی خواہش رکھنے والے دوست اس سے خاطرخواہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اگر آپ کو یہ مضمون پسند آئے تو اپنے دوستوں کے ساتھ ضرور شئیر کیجئے گا اور اگر آپ کا کوئی سوال ہو تو نیچے تبصرہ میں اپنے سوالات بھیجئے گا ٹیم اردونامہ کی کوشش ہو گی ہے وہ آپ کے تمام سوالات کا تشفی بخش جواب دے سکے۔