فہرست
سب ایک جیسے نہیں ہوتے
سب ایک جیسے نہیں ہوتے اور سب کو ایک لاٹھی سے ہانکنا مناسب نہیں۔ ہم اہل صحافت کی صفوں میں وہ بھی ہیں جنہوں نے ملک و قوم اور قلم کی حرمت کی خاطر زندگیوں کو داؤ پر لگائے رکھا اور وہ بھی ہیں جو بکتے ‘جھکتے اور بلیک میل ہوتے ہیں یا بلیک میل کرتے ہیں۔ سیاستدان سب شیطان ہیں اور نہ سب فرشتے۔ یہی اصول عدلیہ اور فوج پر بھی صادق آتا ہے۔
جنرل ایوب‘ جنرل یحییٰ‘ جنرل ضیاء اور جنرل مشرف بھی فوجی تھے جنہوں نے غداری (آئین توڑنا) کا ارتکاب کرکے پاکستانی قوم کو کئی سال تک غلام بنائے رکھا اور وہ بھی فوجی تھے جنہوں نے پینسٹھ ‘ اکہتر اور کارگل کی جنگوں میں اس قوم کی خاطر خون بہایا۔وہ بھی کوئی فوجی ہوگا جس کے حکم پر پاکستانیوں کو اٹھا کر غائب کردیا جاتا ہے لیکن وہ بھی فوجی ہی ہے جو اپنا گھر بار چھوڑ کر قبائلی علاقوں کے دشوار گزار ‘ بلوچستان کے سنگلاخ اور سیاچن کی برف پوش پہاڑوں میں ڈیوٹیاں دے رہا ہے۔ قوم کی دولت کو سیاسی اتحادوں کی تشکیل پر صرف کرنے والے جنرل اسلم بیگ‘ جنرل حمید گل اور جنرل اسددرانی بھی اسی فوج کے جرنیل تھے اور جنرل وحیدکاکڑ بھی جنہوں نے موقع پاکر بھی اپنے آپ کو سیاست سے دور رکھا۔