فہرست
ریمنڈ ڈیوس سفارتکار نہیں،جیو نیوز کو دستاویزات مل گئیں
اسلام آباد…جیو نیوز کو حاصل دستاویز کے مطابق دہرے قتل کا ملزم ریمنڈ ڈیوس امریکی سفارت کار نہیں، تاہم لاہورکے علاقے مزنگ چونگی میں پیش آنے والے واقعے کے اگلے دن امریکی سفارت خانے نے اسے سفارت کار ظاہرکیا تھا۔ امریکی سفارت خانے کی طرف سے ریمنڈ ڈیوس سے متعلق وزارت خارجہ کو فراہم کردہ دستاویز میں واضح طورپر غیرسفارتی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست کی گئی ہے۔ 20جنوری 2010ء کوامریکی سفارت خانے کی طرف سے وزارت خارجہ کو بھیجی گئی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی امریکی سفارت خانے میں ذمہ داری انتظامی اورتکنیکی سٹاف کی ہے، وہ 18اکتوبر2009ء کوپاکستان پہنچااورامریکی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہے۔ دستاویز میں منسلک پرفارمے، ریمنڈ ڈیوس کے پاسپورٹ کی نقل اور چھ تصویروں کا بھی ذکرکیاگیاہے۔ پاکستان کی طرف سے ریمنڈ ڈیوس کو سرکاری ملٹی پل ویزا جاری کیا گیا ہے، جس کی میعاد14 جون2010 ء تا 6جون 2012ئہے۔ جیو نیوز کو حاصل دستاویزکے مطابق امریکی سفارت خانے کی طرف سے اس سال25جنوری کو وزارت خارجہ کو بھیجی جانے والی سفارت کاروں کی فہرست میں ریمنڈ ڈیوس کا نام شامل نہیں تھا، تاہم27 جنوری کو لاہور میں پیش آنے والے واقعے کے بعد امریکی سفارت خانے نے28 جنوری کو ایک نئی فہرست بھیجی ، جس میں اسے سفارت کار ظاہر کیا گیا ہے۔ فہرست میں امریکی سفارت خانے کے شناختی کارڈ میں ریمنڈ ڈیوس کو ڈی او ڈی، ڈپارٹمنٹ آف ڈیفنس کا کنٹریکٹر ظاہر کیا گیا ہے۔