سال 2007 میں پیش ہونے والی اور 2009 میں دنیا کے سامنے آنے والی ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن نے بہت جلد ہی دنیا بھر کو اپنی جانب متوجہ کرلیا اور آہستہ آہستہ یہ کرنسی دنیا میں اتنی مقبولیت حاصل کر گئی کہ سال 2017 میں اس کے ایک سکے کی قیمت 20 ہزار امریکی ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی، اس وقت جب یہ تحریر لکھی جا رہی ہے اس ایک سکے کی قیمت 14300 امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی روپے میں تقریبا 15 لاکھ 73 ہزار روپے بنتی ہے۔
بٹ کوائن کی زبردست مقبولیت دیکھتے ہوئے دنیا میں اور بھی بہت ساری ڈیجیٹل کرنسی کی قسمیں متعارف کروائی گئی ہیں، ویب سائیٹ کوائن مارکیٹ کیپ کے مطابق اس وقت دنیا میں 1400 سے زیادہ اقسام کی ڈیجیٹل کرنسی کی قسمیں موجود ہیں۔
بٹ کوائن کا کوئی مالک نہیں ہے بلکہ یہ کرنسی ریگولیٹڈ بھی نہیں ہے ۔ یہ کرنسی ایک فرد سے دوسرے فرد تک کسی بینک یا ادارے کے عمل دخل کے بغیر منتقل کی جاسکتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کے تقریبا تمام ممالک میں یہ کرنسی قانونی تو ہے مگر عموما ٹیکس نیٹ ورک میں اس کا کوئی حصہ نہیںہے اس وجہ سے اس کرنسی کو بہت سارے ایسے افراد بھی حاصل کرنے کے لئے پاگل ہو رہے ہیں جن کے کاروبار غیر قانونی ہیں اور وہ اپنی یہ غیر قانونی کاروبار سے بنائی گئی رقم اداروںاور حکومتوں سے چھپانا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیجیٹل کرنسیوں کی مانگ بہت بڑھ چکی ہے۔