فہرست
اوبامہ کی جنگیںواشنگٹن پوسٹ کے ایسوسی ایٹ ایڈیٹر باب ووڈورڈ (Bob Woodward) کی تحقیقی صحافت، اس میدان کا ایک قابل تقلید باب ہے۔ انتہائی مہارت کے ساتھ اندر کی خبر نکالنا اور نتائج سے بے پروا ہوکر اسے باہر لانے کا گر کوئی ان سے سیکھے۔ واٹر گیٹ اسکینڈل منظر عام پر لا کر وہ ایک امریکی صدر کی رخصتی کا موجب بنے۔ نائن الیون اور اس کے بعد کے واقعات سے متعلق ان کی کتاب بش ایٹ وار (Bush At War) میں کئے گئے ان کے انکشافات آج تک مسٹربش، مسٹر پرویز مشرف اور امریکی اداروں کا پیچھا نہیں چھوڑتے۔ افغانستان اور پاکستان کے بارے میں اوبامہ حکومت کے گزشتہ اٹھارہ ماہ کی پالیسیوں اور اقدامات سے متعلق انکشافات پر مبنی ان کی نئی کتاب اوبامہ کی جنگیں(Obama’s Wars) میں بھی انہوں نے کئی اہم رازوں سے پردہ اٹھایا ہے ۔امریکہ، پاکستان اور افغانستان کی اہم شخصیات کی حقیقت اور خطے سے متعلق امریکی سوچ اور اپروچ کو سمجھنے کے لئے اس کتاب کا مطالعہ نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ امریکہ کے علاوہ پاکستان میں بھی آج کل باب وڈورڈز کی نئی کتاب Obama’s warsکے چرچے ہو رہے ہیں، اسلام آباد کے اردو اور انگریزی معاصرین اس تصنیف کے اقتباسات پر خیال آرائیاں کررہے ہیں، اس کتاب نے باب وڈورڈز کی پہلی تمام تصنیفات کی طرح سیاسی امکانات کی لامحدود دنیا کی وسعتوں میں مزید اضافہ کردیا ہے، مجھے وطن عزیز کے ان اصحاب فکر ودانش کی اس رائے سے مکمل اتفاق ہے کہ اس کتاب میں پاکستان کیلئے کوئی بھی اچھی خبر نہیں۔ |