فہرست
گورنرپنجاب سلمان تاثیر قاتلانہ حملے میں جاں بحق
اسلام آباد…اسلام آباد کی کوہسارمارکیٹ میں قاتلانہ حملے کے نتیجے میں گورنر پنجاب سلمان تاثیر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ایف سکس میں کوہسار کی سپرمارکیٹ میں گورنر پنجاب کو ان کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کے جوان نے ان پراس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ رہے تھے، ان کوسینے اور گلے پر گولیاں لگی ہیں، پولیس حکام کے مطابق حملہ آور کا نام ممتاز حسین قادری بتایا ہے جو گزشتہ چار ماہ سے زائد عرصے سے گورنر پنجاب کی سکیورٹی پر تعینات تھے۔ فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب کو شدید زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور ان کے پی آر او فرخ شاہ نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔