فہرست
اردونامہ فورم اپنے قارئین کے لئے آج جو تعارف لایا ہے وہ اردو کی بہترین کتابیں ہیں جنہیں ہمارے قارئین اپنی زندگی میں ایک بار ضرور پڑھنا چاہیں گے۔
اردو کی بہترین کتابیں منتخب کرنے کے لئے کوئی ایسا طریقہ کار تو اردونامہ کے پاس موجود نہیں تھا جس کی مدد سے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکے کہ کونسی کتاب بہترین ہے اور کونسی نہیں البتہ اس انتخاب میں عام لوگوں کی پسند کو پیمانہ بنایا گیا ہے خاص طور پر انٹرنیٹ پر کتابوں کے فورمز، فیس بک پر موجود گروپس اور آن لائن کتابوں کی ڈیمانڈ وغیرہ۔
کیونکہ ہر قاری کی پسند نہ پسند مختلف ہوتی ہے اور کتابوں کے حوالے سے بھی اسی طرح ہر قاری کی پسند مختلف ہو سکتی ہے، کسی کو مذہب سے زیادہ لگاؤ ہے تو وہ مذہبی کتابیں پڑھنے کا زیادہ شوق رکھے گا اور اگر کسی کو سیاست کا شوق ہے تو وہ سیاسی کتابیں پڑھے گا،
اسی طرح کسی کو طب کو شوق ہے یا اس کا پیشہ ایسا ہے تو وہ طبی کتب پڑھنے کو ترجیح دے گا۔ اردو کی بہترین کتابیں کے انتخاب میں ہو سکتا ہے کہ کچھ قارئین کو اعتراض ہو لیکن اسے یہ کتابیں اچھی اور پڑھی جانے کے قابل ضرورہیں۔
اردو کی بہترین کتابیں
ذیل میں موجود اردو کی بہترین کتابیں منتخب کرتے وقت اردونامہ کتاب گھر پراجیکٹ کی انتظامیہ نے اس کتاب میں موجود موضوعات، اس کی زبان، اس میں بیان کردہ حقائق اور لوگوں کا ان کتابوں کی طرح رجحان دیکھتے ہوئے انہیں منتخب کیا ہے،
ہو سکتا ہے آپ اردونامہ فورم کی اس اردو کی بہترین کتابوں کی فہرست سے متفق نہ ہوں لیکن پھر بھی اگر آپ کو اردو کتابیں پڑھنے کا شوق ہے تو آپ ضرور ان کتابوں کو ایک بار پڑھنا ضرور چاہیں گے۔ اردو کی بہترین کتابیں کسی خاص اصلوب میں ہرگز نہیں اس لئے سب سے پہلی کتاب کو پہلے نمبر پر نہ سمجھا جائے اور نہ ہی آخری کتاب کو آخری نمبر پر سمجھا جائے۔
تو چلئے چلتے ہیں اردو کی بہترین کتابیں نامی کی فہرست میں سے نمبر ایک کتاب کی طرف
راجہ گدھ از بانو قدسیہ
بانو قدسیہ کے قلم سے نکلنے والا شہکار جس میں انسانی فطرت، تصوف اور روزمرہ زندگی کے حالات کا اورمختلف معاشرتی حلقوں کے ٹکراو کو ایسے میل جول اور تال میل سے دکھایا گیا ہے جس نے اسے فہرست اردو کی بہترین کتابیں میں صف اول پر کھڑا کر دیا ہے جو اپنے قاری کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں۔
یہ ناول ایک طرف نفسیاتی پہلوؤں کے ساتھ رزقِ حلال و حرام اور معاشرتی رویوں میں حلال و حرام کے ٹکراؤ پر مبنی ہے تو دوسری طرف یہ یہ ایک لوسٹوری بھی ہے۔
راجہ گدھ اردوناول ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
پطرس کے مضامین از احمد شاہ بخاری
احمد شاہ بخاری پطرس بخاری کے نام سے مشہور ہوئے، انہوں نے گیارہ مضامین لکھے جو ان کے لئے وجہ شہرت بن گئے، 1930 میں یہ مضامین پہلی بار شائع ہوئے اور ان کی شہرت کا اندازہ اس بات سے ہی لگایا جا سکتا ہے کہ آج بھی یہ مسلسل شائع ہو رہے ہیں اور قارئین میں اتنے ہی مقبول ہیں۔ آسان زبان، اور مزاحیہ اندازبیاں ان مضامین کو ہر پڑھنے والے کو اپنا گرویدہ بنا لیتے ہیں۔
احمد شاہ بخاری کی کتاب پطرس کے مضامین ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
حماقتیں اور مزید حماقتیں از شفیق الرحمان
بنیادی طور پر ایک مزاح نگار کی حیثیت سے شہرت رکھنے والے شفیق الرحمان کی نوک قلم سے جھڑنے والے شگوفے جن کا شگفتہ انداز بیاں، دلچسپ سازشوں کے قصے اور کرداروں کا منفرد پن پڑھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے۔ ان کی کتاب حماقتیں اور اس کے بعد شائع ہونے والا دوسرا حصہ مزید حماقتیں پڑھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔
شفیق الرحمان کی کتاب حماقتیں ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
شفیق الرحمان کی کتاب مزید حماقتیں ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
بجنگ آمد از کرنل محمد خان
کرنل محمد خان کی ملٹری اکیڈمی اور دوسری جنگ عظیم کے دوران حالت جنگ میں گزارے ہوئے حالات کی آپ بیتی جس میں انہوں نے حالات و واقعات کو اتنے دلچسپ پیرائے میں بیان کیا ہے کہ اس میں اور ایک بہترین ناول میں فرق ممکن نہیں رہتا ہے۔
اس کتاب کی وجہ سے کرنل محمد خان کا شمار اردو ادب کے بہترین مزاح نگاروں میں ہونے لگا۔ اردو کی بہترین کتابیں منتخب کرتے ہوئے اگر اس کتاب کا ذکر نہ کیا جاتا تو یہ فہرست ادھوری رہتی۔
کرنل محمد خان کی کتاب بجنگ آمد ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
چلتے ہو تو چین کو چلئے از ابن انشاء
چلتے ہو تو چین کو چلئے ابن انشاء کا چین کا سفر نامہ ہے جس میں انہوں نے اپنے چین کے سفر کو نہایت دلچسپ انداز میں بیان کیا ہے نہ صرف اپنے سفر کی داستان بیان کی ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ چین کی قدیم اور جدید تہذیب کو بھی بہت مؤثر انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
ابن انشاء کو بیک وقت اردو زبان کے افسانہ نگار، سفرنامہ نگار اور شاعر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اردو کی بہترین کتابیں جب شمار کی جاتی ہیں تو جن لوگوں کو ان کا اصلوب پسند ہے وہ شاید اس کتاب کو پہلے نمبر پر رکھیں گے۔
ابن انشاء کی کتاب چلتے ہو تو چین کو چلئے ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے
اداس نسلیں از عبداللہ حسین
ہندوستان پر برطانوی استعماری دور کے حالات و واقعات کو ناول کی شکل میں ترتیب دینے والا عبداللہ حسین کا یہ ناول اردو ادب کے بہترین ناولز میں شامل ہے جو اپنے بہترین اصلوب اور طرز تحریر اور تقسیم ہند کے وقت پیش آنے والے فسادات کے حالات و واقعات کو درست ترتیب سے قارئین تک پہنچانے اور سب سے زیادہ پسندہ قرار دیئے جانے کی وجہ سے
صدارتی ایوارڈ حاصل کر چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب اردو کی بہترین کتابیں منتخب کی جا رہی تھیں تو اس کتاب کو نظر انداز کرنا نہایت مشکل ہو گیا۔
عبداللہ حسین کی کتاب اداس نسلیں ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
آب گم از مشتاق احمد یوسفی
اردو ادب میں مزاح کو جو رنگ مشتاق احمد یوسفی نے دیا وہ انہی کا خاصہ ہے، ان کی مزاح نگاری اتنی مقبول ہوئی کہ ان کی کتابوں کے اکثر فقرے مزاحیہ ادب میں ضرب المثل بن گئے جنہیں آج بھی اکثر لوگ اپنے سوشل میڈیا اکاوٗٹس پر شئیر کرتے نظر آتے ہیں۔
آب گم مشتاق احمد یوسفی کی چوتھی تصنیف ہے جس سے پہلے ان کی کتاب چراغ تلے، خاکم بدہن اور زرگزشت شائع ہو چکی تھیں، اس کے بعد ان کی پانچویں کتاب شام شعرِِیاراں شائع ہوئے لیکن وہ پہلے چار کتابوں کی طرح مقبولیت کے افق کو نہ چھو سکی۔ آب گم اپنے منفرد انداز کی بناٗ پر اردو کی بہترین کتابیں منتخب کرنے والوں کو مجبور کر گئی کہ وہ اسے نظر انداز نہ کر سکے۔
مشتاق احمد یوسفی کی کتاب آبِ گم ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
پیار کا پہلا شہر از مستنصر حسین تارڑ
پیار کا پہلا شہر مستنصر حسین تارڑ کا فرانس کا سفر نامہ ہے جس میں نہ صرف قاری پورے پیرس کی بہترین سیر سے لطف اندوز ہوتا ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ پاسکل نامی لڑکی اور سنان نامی لڑکے کی محبت کی بہترین داستان بھی پڑھنے کو ملتی ہے۔
اپنے منفرد انداز میں مستنصر حسین تارڑ نے اس سفرنامے کو اس طرح ترتیب دیا ہے کہ اس پر ایک بہت اعلیٰ رومانوی داستان کا گماں ہوتا ہے۔ اپنے دور میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑنے والی یہ کتاب ایک عرصہ تک سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب کا ریکارڈ بھی رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اردو کی بہترین کتابیں منتخب کرتے ہوئے اسے شامل کرنے پر زور دیا گیا۔
مستنصر حسین تارڑ کی کتاب پیار کا پہلا شہر ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
شہاب نامہ از قدرت اللہ شہاب
قدرت اللہ شہاب بطور ایک سرکاری افسر کے ملک کے اعلیٰ اداروں میں فرائض سرانجام دیتے رہے، صدر ایوب کے سیکریٹری بھی رہے۔ انہوں نے اپنی سوانح نگاری شہاب نامہ کے نام سے لکھی جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے حالات و واقعات کو افسانہ نگاری کا طرز تحریر اپناتے ہوئے ترتیب دیا۔ ان کی خود نوشت جہاں سیاسی و سماجی رویوں اور ایوان اقتدار میں ہونے والے واقعات پر مبنی ہے وہیں پر ان کی ذات سے جڑے بہت سارے پراسرار واقعات کا مجموعہ بھی اسی خود نوشت میں ملتا ہے۔
قدرت اللہ شہاب کی خود نوشت شہاب نامہ ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
منٹو کے 100 بہترین افسانے
اردو ادب میں سعادت حسن منٹو کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ انہوں نے افسانہ نگاری کے فن کے ساتھ ساتھ طنز کو اس بہترین طریقہ سے ملایا ہے کہ ان کے افسانے اپنے معاصرین سے بالکل الگ جداگانہ حیثیت رکھتے ہیں۔ منٹو جسے بہترین افسانہ نگار کا اعزاز حاصل ہے وہیں ان کا معاشرتی برائیوں کو پیش کرنے کا انداز اس قدر بے باکانہ ہے کہ انہیں بہت سے ادبی حلقوں میں فحش نگار کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ زیرِنظر کتاب منٹو کے انہی 100 بہترین افسانوں کا مجموعہ ہے۔
منٹو کے 100 بہترین افسانے ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے یہاں کلک کیجئے۔
اردو کی بہترین کتابیں ڈاؤنلوڈ کریں
اردو کی بہترین کتابیں ڈاؤنلوڈ کرنے کے لئے قارئین اردونامہ فورم کے لائبریری پراجیکٹ پر جا کر ان کتابوں کو حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اردو کی بہترین سائیٹ ریختہ سے بھی یہ تمام کتابیں دستیاب ہیں۔