Page 1 of 1

چیچنیا: پارلیمنٹ پر حملہ، متعدد ہلاکتیں

Posted: Tue Oct 19, 2010 5:08 pm
by اعجازالحسینی
روس کی خبر رساں ایجنسیوں کی اطلاعات کے مطابق چیچنیا کی پارلیمنٹ پر حملے میں حملہ آوروں سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق چیچن دارالحکومت گروزنی میں واقع پارلیمنٹ پرحملے کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار اور ایک سول ورکر ہلاک ہو گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دو حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب کہ کم از کم ایک تیسرا حملہ آور کارروائی کے دوران ہلاک ہوا۔
خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے چیچن صدر کے حوالے سے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور حملہ کرنے والے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔چیچن صدر کے مطابق حملہ گرینج کے معیاری وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر پینتالیس منٹ پر عمارت کی حفاظت کرنے والے پولیس اہلکاروں پر کیا گیا۔’ پندرہ سے بیس منٹ تک جاری رہنے والی ایک مشترکہ کارروائی میں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا اور عمارت کے اندر موجود اراکین پارلیمان اور ٹیکنیکل سٹاف کو آزاد کروا لیا گیا۔‘
پارلیمنٹ کے سامنے دھماکے بعد سکیورٹی اہلکار کھڑے ہیں
انھوں نے کہا کہ عمارت کے اندر موجود لوگوں زندہ ہیں اور ان کو محفوظ جگہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔روسی خبر رساں ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ تشدد کے اس واقعے میں کم از کم دس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔جارجیا میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب لوگ عمارت کام کے لیے آ رہے تھے۔دو حملہ آوروں کو عمارت کے بلکل قریب خود کو دھماکے سے اڑاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کے بعد بقایا حملہ آوروں اور سکیورٹی گارڈز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔چیچن پولیس کے سربراہ نے امریکی خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ حملہ آور فائرنگ شروع کرنے سے پہلے اللہ اکبر کا نعرہ لگاتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہو گئے۔
باغیوں کی حامی ویب سائٹ کئوکاز ٹیزنٹر نے گروزنی میں ایک نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ’ ایک زبردست دھماکے‘ کے بعد تیس منٹ تک فائرنگ ہوتی رہی۔ویب سائٹ کے مطابق شہر کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مسلح گاڑیاں شہر میں گشت کر رہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق روس کے وزیر داخلہ چیچنیا کا دورہ کر رہے ہیں جہاں ماسکو نواز صدر سے ہنگامی ملاقات کی ہے۔روسی وزیر خارجہ نے بعد میں ایک بیان میں چیچن سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا ہے۔
ماسکو نے چیچنیا میں علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی میں فتح کا اعلان کر رکھا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے فائرنگ اور دھماکوں کے مسلسل واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماسکو بغاوت کو ختم کرنے میں ناکام ہوا ہے۔

بی بی سی

Re: چیچنیا: پارلیمنٹ پر حملہ، متعدد ہلاکتیں

Posted: Tue Oct 19, 2010 8:50 pm
by بلال احمد
معلومات کی فراہمی کے لیے شکریہ :inlove: