قیمتی مشورے کی بے قدری

اردو نثری قلم پارے اس فورم میں ڈھونڈئے
Post Reply
User avatar
چاند بابو
منتظم اعلٰی
منتظم اعلٰی
Posts: 22224
Joined: Mon Feb 25, 2008 3:46 pm
جنس:: مرد
Location: بوریوالا
Contact:

قیمتی مشورے کی بے قدری

Post by چاند بابو »

[center]قیمتی مشورے کی بے قدری [/center]
[center]روزن دیوار سے …عطاء الحق قاسمی[/center]

گزشتہ دنوں بھولے ڈنگر سے ملاقات ہوئی اور یہ ملاقات ایک طویل وقفے کے بعد ہوئی تھی، میں نے دیکھا کہ اس کے چہرے پر بڑی بڑی مونچھیں ہیں، حالانکہ میں اسے پہلے دن سے کلین شیوڈ دیکھتا چلا آیا تھا۔ میں نے پوچھا ”بھولے، یہ مونچھیں کس خوشی میں رکھی ہیں؟“۔ بولا ”تمہیں تو پتہ ہی ہے کہ میں دشمن دار آدمی ہوں، متعدد مواقع پر کسی سے بات کرتے ہوئے مونچھوں کو تاؤ دینے کی ضرورت محسوس ہوتی تھی لیکن مونچھیں نہ ہونے کی وجہ سے میں صرف تاؤ کھا کر رہ جاتا تھا چنانچہ میرا محاطب مجھے پاکستانی حکمران سمجھ کر میرے تیوروں کو کوئی اہمیت ہی نہیں دیتا تھا“ میں نے ہنستے ہوئے پوچھا اب کیا صورتحال ہے؟“ بولا ”فی الحال پرانی صورتحال برقرار ہے کیونکہ انہیں ابھی تک ان مونچھوں کے پیچھے میرا زنانہ سا چہرہ ہی نظر آتا ہے“۔ اس پر ایک بار پھر میری ہنسی نکل گئی، میں نے کہا ”بھولے ڈنگر، خدا کا خوف کرو، یہ تم کیا کہہ رہے ہو، میں نے آج تک کسی ڈنگر میں زنانہ پن کی کوئی علامت نہیں دیکھی!“ بھولا بولا”تم یہ بات کسی ایسے شخص سے کہو جو تمہیں جانتا نہ ہو کیونکہ میں نے تو تمہارے ارد گرد ہمیشہ ایسے زنانہ چہرے دیکھے ہیں جن میں ڈنگر پن کے علاوہ کوئی اور خصوصیت نظر ہی نہیں آئی!“ اس قدر گھٹیا حملے کی توقع بھولے ڈنگر ہی سے ہوسکتی تھی یہی وجہ ہے کہ میں ایسے مواقع پر اس کے منہ لگنے سے ہمیشہ گریز کرتا ہوں مگر غلطی تو ہو چکی چنانچہ میں نے موضوع بدلتے ہوئے کہا ”تمہاری مونچھوں کے بارے میں پبلک نے کیا رائے دی ہے؟“ بھولے نے جواب دیا ”میں نے اس حوالے سے سروے کرانے کے لئے کئی انٹرنیشنل اداروں سے رابطہ کیا ہے، ان کی مرتب کردہ سروے رپورٹ سامنے آئے گی تو کچھ کہہ سکوں گا!“ میں نے کہا ”بھولے، تم میرے دوست ہو لہٰذا تمہیں یہ بتانا ضروری ہے کہ ان سروے کرنے والے بین الاقوامی اداروں کی فیس بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اس طرح کی ایک فرم کا ذیلی دفتر لاہور کے ایک محلہ بھونڈ پورہ میں قصائی کی دکان کے اوپر والی منزل میں واقع ہے اس کا ڈائریکٹر پارٹ ٹائم سائیکلوں کو پنکچر لگانے کا کام بھی کرتا ہے۔ میری اس سے سلام دعا ہے، کہو تو میں اس سے بات کروں؟“ بھولے نے جواب دیا ”میں اس سے با ت کر چکا ہوں اس نے مجھے دو طرح کے ریٹ دیئے ہیں جس سروے میں میری مونچھوں کو میری شخصیت میں خوبصورت اضافہ قرار دیا جائے گا، وہ بہت زیادہ ہے ، اور جس میں یہ ظاہر کرنا ہے کہ یہ مونچھیں میری بدنمائی کا باعث بنی ہیں، بس سروے کو سامنے نہ لانے کا ریٹ پہلے ریٹ سے کہیں بڑھ کر ہے“۔ میں نے پوچھا ”پھر تم نے کیا سوچا ہے؟“ کہنے لگا ”سوچنا کیا ہے، اب مونچھیں رکھی ہیں تو ان کی لاج بھی رکھنا پڑے گی۔ میں ان مونچھوں کو اپنی خوبصورتی میں اضافے والے سروے کو ترجیح دینے کی سوچ رہا ہوں، تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا“۔
اگلے روز بھولے ڈنگر سے ملاقات ہوئی تو میں نے دیکھا کہ اس نے مونچھوں کے دونوں سرے اوپر کی طرف اٹھائے ہوئے تھے اور یوں ان کی شکل ”W“‘ جیسی ہوگئی تھی، میں نے پوچھا ”تم نے مونچھوں کا یہ ڈیزائین کس خوشی میں بنایا ہے؟“ بولا ”مونچھ اونچی رکھنے ہی کے لئے رکھی جاتی ہے، یہ اگر نیچی ہوگئی تو پھر انہیں پالنے کا کوئی فائدہ نہیں“۔ میں نے کہا ”پالنے سے تمہاری کیا مراد ہے؟“ اس نے میری ناقص معلومات پر کف افسوس ملتے ہوئے جواب دیا ”تم نے اگر کبھی مونچھ رکھی ہوتی تو تمہیں پتہ ہوتا کہ اس کا پروٹوکول کیا ہوتا ہے، ارے بھائی چہرے کے بالوں کا آپریشن کلین اپ یعنی شیو کرتے ہوئے مونچھوں والے حصے کو نو گو ایریا قرار دینا پڑتا ہے، اردگرد کے بال پوری بے دردی سے ریزر کے ساتھ ذبح کر دیئے جاتے ہیں مگر ریزر کو نو گو ایریا یعنی مونچھوں کے قریب نہیں پھٹکنے دیا جاتا تاکہ ان کی آن بان قائم رہے، صرف یہی نہیں بلکہ مونچھوں میں اگر کوئی سفید بال سر اٹھاتا نظر آتا ہے تو اسے پھلنے پھولنے سے پہلے ہی موچنے سے اکھاڑ پھینکنا ضروری ہوتا ہے تاکہ صاحب مونچھ کی جاہ وحشمت اور طاقت و جبروت کا دبدبہ کم نہ ہو۔ مونچھوں کا ساتھ ایسے ہی تو نصیب نہیں ہوتا“۔
لیکن آج صبح بھولے ڈنگر سے میری ملاقات ہوئی تو یہ دیکھ کر میری حیرت کی انتہا نہ رہی کہ اس کا چہرہ صفا چٹ تھا اور یوں دور دور تک مونچھوں کا نام و نشان تک نہ تھا، میں نے پوچھا ”بھولے، تیری مونچھوں کا کیا ہوا؟“ بولا ”ایک محاورہ سنا تھا چنانچہ حفظ ماتقدم کے طور پر مونچھیں منڈا ڈالیں“۔ میں نے سوال کیا ”تم کون سا ایسا مونچھ دشمن محاورہ سن بیٹھے تھے، مجھے بھی تو بتاؤ! بھولے نے کہا ”یہی کہ کرے داڑھی والا، پکڑا جائے مونچھوں والا!“ میں نے کہا ”یار تم بھلیکھے میں مارے گئے ہو کیونکہ ان دنوں اگر مونچھوں والا بھی دہشت گردی کی کوئی کارروائی کرے تو پکڑا داڑھی والا ہی جاتا ہے!“ یہ سن کر بھولا اد اس سا نظر آیا، اسے شاید اپنی پلی پلائی مونچھوں کی جواں مرگی یاد آگئی تھی! بولا ”یہ بات تم نے مجھے پہلے کیوں نہیں بتائی؟“ میں نے جوا ب دیا ”تم نے مجھ سے پوچھا کب تھا؟“ اس پر اس نے شرمندگی سے کہا ”یہ تو تم ٹھیک کہتے ہو، مگر اب مجھے مشورہ دو کہ مجھے کیا کرنا چاہئے کیونکہ میرے دشمنوں پر میری مونچھوں کی کافی ہیبت بیٹھ گئی تھی لیکن اب وہ مجھے دیکھ کر ہنستے ہیں، دو تین نے تو مجھے اشتعال دلانے کے لئے میرا منہ بھی چڑایا ہے“ میں نے جواب دیا ”میرے بھولے دوست، دشمنوں کا مقابلہ مونچھوں سے نہیں، زورِ بازو سے کیا جاتا ہے لیکن اگر تم صرف مونچھوں سے ان پر جعلی عکس ڈالنا چاہتے ہو تو ایک طریقہ ایسا ہے جو تم آزما سکتے ہو“۔ بھولے نے پوچھا ”وہ کیا؟“ میں نے کہا ”بازار سے دس بیس روپے میں اچھی مونچھ مل جاتی ہے، وہ خرید لو، تمہارے بہت کام آئے گی“ بھولے نے غصے سے میری طرف دیکھا اور بولا ”نقلی مونچھ کو میں نے چاٹنا ہے، میں دشمن دار آدمی ہوں، میری ضرورت اصلی مونچھ ہے“ میں نے کہا ”بھولے، جذباتی نہ بنو، حقیقت پسندی سے کام لو، تمہاری تو حیثیت ہی کوئی نہیں، ہمارے تو حکمرانوں کی مونچھیں بھی نقلی ہیں، انہوں نے جب عوام کوپرسانا ہوتا ہے تو اسے “W”کی شکل دے دیتے ہیں، اسے تاؤ دینے میں لگے رہتے ہیں لیکن اگر عوام اپنے مطالبے پر ڈٹ جائیں تو یہ اپنی کھڑی مونچھیں فوراً نیچے کی طرف لٹکا دیتے ہیں ان لمحوں میں ایسے لگتا ہے جیسے جرابیں سوکھنے کو ڈالی ہوئی ہیں اور جب یہ امریکہ کے دورے پر جاتے ہیں تو یہ مونچھیں اتار کر گھر چھوڑ جاتے ہیں۔لہٰذا میرے پیارے بھولے ڈنگر، حکمرانوں کے طور طریقے اپناؤ، یہ کیا تم غیرت و یرت کے چکر میں پڑے ہوئے ہو!“
بھولے کو میں یونہی تو ڈنگر نہیں کہتا، بجائے اس کے کہ وہ میرے قیمتی مشورے پر عمل کرتا، اس نے رونا شروع کر دیا جو قومیں اپنے مجھ ایسے دانشوروں کے مشوروں کی قدر نہیں کرتیں، ان کے مقدروں میں رونا ہی لکھا ہوتا ہے۔
قصور ہو تو ہمارے حساب میں لکھ جائے
محبتوں میں جو احسان ہو ، تمھارا ہو
میں اپنے حصے کے سُکھ جس کے نام کر ڈالوں
کوئی تو ہو جو مجھے اس طرح کا پیارا ہو
اعجازالحسینی
مدیر
مدیر
Posts: 10960
Joined: Sat Oct 17, 2009 12:17 pm
جنس:: مرد
Location: اللہ کی زمین
Contact:

Re: قیمتی مشورے کی بے قدری

Post by اعجازالحسینی »

شکریہ
[center]ہوا کے رخ پے چلتا ہے چراغِ آرزو اب تک
دلِ برباد میں اب بھی کسی کی یاد باقی ہے
[/center]

روابط: بلاگ|ویب سائیٹ|سکرائبڈ |ٹویٹر
Post Reply

Return to “نثر”